سلامتی کونسل کا رکن بننے کا بھارتی خواب کبھی پورانہیں ہوگا فردوس عاشق اعوان

جب تک بھارت مقبوضہ کشمیرسےمحاصرہ ختم نہیں کرتامذاکرات نہیں ہوسکتے، معاون خصوصی


ویب ڈیسک September 21, 2019
وزیراعظم جنرل اسمبلی میں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے،فردوس عاشق اعوان : فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کا رکن بننے کا بھارتی خواب کبھی پورانہیں ہوگا۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیر اعظم نے سعودی حکومت کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے ادارے کو کمزور کی داد رسی کے لیے بنایا گیا تھا لیکن وہ کشمیریوں کو بنیادی ، انسانی، جمہوری اورآئینی حقوق دینے میں کردار ادا نہیں کررہا، کشمیر میں بد ترین صورتحال برقرار ہے تاہم جب تک بھارت اپنی قید میں محصور کیے ہوئے کشمیریوں کا محاصرہ ختم نہیں کرتا تب تک پاکستانی حکومت کوئی مذاکرات نہیں کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی نے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی، وزیراعظم نے مودی کی مذمت کی اور درخواست کو اٹھا کر باہر پھینکا، کشمیرسے کرفیو ہٹانے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی جب کہ پاکستان طیارے گرا کر ہندوستان کو اپنی طاقت دکھا چکا ہے۔ ہم اسلامی دنیا میں واحد ایٹمی طاقت ہیں، بھارت دنیا میں تنہا ہوا ہے، پاکستان نے دنیا کو باور کرایا ہے خطے کا دشمن کون ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ مقبوضہ کشمیرمیں محصور کشمیری اس اجلاس سے متعلق بہت توقعات رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم یو این اسمبلی کا اجلاس اس لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں، وزیراعظم جنرل اسمبلی میں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔

پریس کانفرنس نے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب میں اہم ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس کے تقدس کے لیے سعودی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں جب کہ وزیراعظم نے سعودی تنصیبات پر حملے کی مذمت بھی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں