پاک فوج کے شہید میجرعدیل کی نماز جنازہ کراچی میں ادا

نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک September 21, 2019
میجر عدیل شہید کو تمام فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، آئی ایس پی آر (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاک افغان سرحد پر گزشتہ روز شہید ہونے والے میجرعدیل کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز افغان سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔

یہ پڑھیں: مہمند میں بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ میجر عدیل شہید کو تمام فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

میجرعدیل کی شہادت

ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین شہید ہوئے، شہید میجر اور ان کی ٹیم باڑ کی تنصیب کے کام کی نگرانی کر رہی تھی، آئی ایس پی آر کے مطابق بارودی سرنگیں سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں نے نصب کر رکھی تھیں۔

میجر عدیل شہید کی ذاتی زندگی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر فرحان ٹاور کے رہائشی میجر عدیل شہید کے اہل خانہ اور پڑوسیوں کے مطابق وہ انتہائی خوش مزاج اور بہت زیادہ ملنسار تھے، ان کی والدہ کا انتقال ہوچکا ہے جب کہ والد حیات ہیں، شہید عدیل عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے گھر کراچی آئے تھے جو ان کی اپنے والد کے ساتھ آخری ملاقات ثابت ہوئی۔



شہید عدیل شاہد نے کچھ سال قبل شہید کیپٹن مجاہد کی بیوہ صالحہ سے شادی کی تھی، کیپٹن مجاہد آپریشن ضرب عضب میں شہید ہوئے تھے، اور ان کی شہادت کے 7 ماہ بعد ان کی بیٹی صبغہ کی پیدائش ہوئی۔



میجرعدیل نے ماں اور بیٹی دونوں کو اپنایا اور اپنے ساتھی کی بیٹی کو حقیقی باپ کا پیاردیا، سال 2017ء میں میجر عدیل کے ہاں دو جڑواں بچیوں کی پیدائش ہوئی، اس وقت بڑی بیٹی کی عمر چار سال جب کہ جڑواں بچیوں کی عمریں ڈیڑھ سال ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں