عمر اکمل اور احمد شہزاد مستقبل کے پلان میں شامل

ٹوئنٹی20میں موقع دیں گے،فہیم اشرف کی کارکردگی میں تسلسل نہیں

شعیب ملک اور محمد حفیظ کے لیے دروازے بند نہیں ہوئے،مصباح الحق

ISLAMABAD:
ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو مستقبل کے پلان میں شامل کرلیا۔

چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ دونوں سینئرزکو ٹی ٹوئنٹی میچز میں موقع دیں گے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کیلیے بھی دروازے بند نہیں ہوئے، ان کی مختصر فارمیٹ کے میچز میں کارکردگی اچھی رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمر اکمل کی تینوں فارمیٹس میں کارکردگی اچھی رہی، احمد شہزاد نے پی ایس ایل میں بہترین پرفارم کیا،دونوں کو سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں موقع دیا جائے گا۔


عمر اکمل کو طویل فارمیٹ کیلیے بھی تیار کرنا ہے،فارم اور فٹنس کے حوالے سے ان کو ایک پلان دیدیا گیا ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا یہ مطلب نہیں کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ پر قومی ٹیم کے دروازے بند ہوگئے۔

دونوں اس وقت کیریبیئن لیگ میں شریک اور ان کی ٹی ٹوئنٹی خاص طور پر آخری 10اوورز میں بیٹنگ کرتے ہوئے کارکردگی اچھی رہی ہے،ابھی آسٹریلیا میں آئندہ برس شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں وقت باقی ہے،ہم کوشش کریں گے کہ اس سے قبل ایک مضبوط اور متوازن اسکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف سیریز میں بیٹسمین زیادہ رکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جہاں ضرورت ہو ان کو موقع دے سکیں، پاور ہٹر اور پیس آل راؤنڈر کا خلا پُرکرنے کیلیے کام کرنا ہوگا،ابھی تک فہیم اشرف، عامر یامین اور عماد بٹ دستیاب ہیں، ان میں سے فہیم نے چند اچھی اننگز بھی کھیلیں لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں،حالیہ کیمپ میں بھی فہیم کی بیٹنگ میں بہتری لانے کیلیے کام کیا گیا۔
Load Next Story