کراچی اسٹاک مارکیٹ ریکوری کا عمل تیز مزید209پوائنٹس کا اضافہ

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 209.25 پوائنٹس کے اضافے سے22189.67 ہوگیا

حصص کی مالیت میں مزید41 ارب93 کروڑ 67 لاکھ97 ہزار89 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: آن لائن / فائل

سرمایہ کاروں کو بینکوں کے کم ازکم منافع کی شرح پر تحفظات ختم ہونے اور مستقبل میں سیمنٹ وفرٹیلائزر کمپنیوں کا منافع مزید بڑھنے کی توقعات پرہونے والی تازہ سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا۔

جس سے55 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید41 ارب93 کروڑ 67 لاکھ97 ہزار89 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر34 لاکھ88 ہزار890 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی برقرار رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے6 لاکھ90 ہزار259 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے 10 لاکھ9 ہزار185 ڈالر اور بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے17 لاکھ 89 ہزار447 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔




جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن رہا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 209.25 پوائنٹس کے اضافے سے22189.67 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس175.87 پوائنٹس کے اضافے سے16852.31 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس428.89 پوائنٹس کے اضافے سے37868.77 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت32.23 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ36 لاکھ69 ہزار700 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 338 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں185 کے بھاؤ میں اضافہ، 130 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ143.75 روپے بڑھ کر4653.75 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ27.50 روپے بڑھ کر1727.50 روپے ہوگئے جبکہ شیزان انٹرنیشل کے بھاؤ33 روپے کم ہو کر 632 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ30.57 روپے کم ہوکر859.40 روپے ہوگئے۔
Load Next Story