پاکستان اسٹیل رواں ہفتے5ہزار ٹن کوئلہ درآمد کریگی

کوک کی پیداوار میں اضافے کی بدولت ذیلی پیداوار روک اوون گیس بھی حاصل ہوگی

کوئلے کی درآمد کی کوششوں کے نتیجے میں امید ہے کہ 5 ہزار میٹرک ٹن کوئلے کا جہاز اسی ہفتے پاکستان اسٹیل کی جیٹی پر لنگر انداز ہو جائے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل نے پیداواری عمل کی بحالی کے لیے کوئلے کی کمی کو دور کرنے کے لیے انتظامات کر لیے ہیں اور رواں ہفتے 5 ہزار ٹن کوئلہ درآمد کر لیا جائے گا۔

ترجمان پاکستان اسٹیل ملز کے مطابق مقامی سپلائرز کے ذریعے ''کوک'' خریدنے کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں جبکہ فوری طور پرکوئلے کی درآمد کی کوششوں کے نتیجے میں امید ہے کہ 5 ہزار میٹرک ٹن کوئلے کا جہاز اسی ہفتے پاکستان اسٹیل کی جیٹی پر لنگر انداز ہو جائے گا جبکہ مزید5 ہزار میٹرک ٹن کوک کی درآمد کا انتظام ڈائریکٹ کنٹریکٹ کے ذریعے پیپرا رولز کے تحت کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ 10 ہزار میٹرک ٹن کوک کی خریداری کا ٹینڈر بھی جاری کیا جارہاہے۔




ان اقدامات کی بدولت کوئلے اور کوک کی قلت میں کمی آجائے گی، کوک کی پیداوار میں اضافے کی بدولت ذیلی پیداوار روک اوون گیس بھی حاصل ہوگی جس سے تھرمل پاور پلانٹ سے بجلی کی جنریشن میں بھی اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ مالی بحران کے باعث پاکستان اسٹیل ملز کو کوئلے اور کوک کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پیداواری عمل متاثر ہورہا ہے، وزارت صنعت و پیداوار کی مدد اور تعاون سے پاکستان اسٹیل ملز کی پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ اور مجموعی کارکردگی میں بہتری کی توقع ہے۔
Load Next Story