اورنگی ٹاؤن مکینوں نے7سالہ بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی

ملزم 5 سے6 روز سے اریب خان کو اغوا کرنے کی کوشش کررہاتھا،والد


Staff Reporter October 03, 2013
ملزم مومن آبادکے ڈسکو موڑ کا رہائشی ہے،منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوچکا ہے ،پولیس۔ فوٹو:فائل

اورنگی ٹائون میں علاقہ مکینوں نے7سالہ بچے کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم پکڑ کر پولیس نے حوالے کردیا ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود میں اورنگی ٹائون ساڑھے گیارہ بلاک Bمیں شمیم احمد ولد شبیر احمد نامی ملزم نے والدہ کے ہمراہ مدرسہ و اسکول جانے والے مکان نمبر 72 گلی نمبر 5 سلیم آباد اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے گیارہ کے رہائشی7سالہ بچے اریب خان ولد انعام خان کو اغوا کر نے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تو بچے کی والدہ نے شور مچا دیا ،موقع پر موجود علاقہ مکینوں نے ملزم کو گھیرے میں لینے کے بعد اسے پکڑ کر مغوی کو بازیاب کرا لیا ۔



علاقہ مکینوں نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اقبال مارکیٹ پولیس کے حوالے کردیا ، بچے کے والد انعام خان ولد سلیم خان نے ایکسپریس کو وہ صوبہ بلوچستان میں نجی کمپنی میں ملازم ہیں ،گرفتار ملزم گزشتہ 5 سے6 روز سے ان کے بیٹے اریب خان کو یہ کہہ کر ٹافیاں اور پیسے دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ ان کے والد کا دوست ہے ان کے بیٹے نے ہمیشہ ملزم سے ٹافیاں اور پیسے لینے سے معذرت کی تھی جس کے بعد انھوں نے اقبال مارکیٹ پولیس کو واقعے سے متعلق اطلاع کردی تھی ،گزشتہ روز بھی جب ان کا بیٹا اریب والدہ کے ہمراہ گھر کے قریب واقع مدرسہ و اسکول اقرا حیات السلام جا رہا تو ملزم نے ایک مرتبہ پھر بیٹے کو ٹافیاں اور20 روپے دینے کی کوشش کی۔

بیٹے نے پیسے اور ٹافیاں لینے سے انکار کردیا، ملزم نے بیٹے کے منہ پر ہاتھ رکھ کر اغوا کر لیا اور فرار ہو رہا تھا کہ والدہ نے شور مچا دیا جس کے باعث موقع پر موجود علاقہ مکین ملزم کو پکڑنے کے لیے ڈور پڑے اور ملزم کو گھیرے میں لینے کے بعد اسے پکڑ کر بچے کو بازیاب کرا لیا اورملزم کو پولیس کے حوالے کردیا ، ایس ایچ او اقبال مارکیٹ امجد کیانی نے بتایا کہ گرفتار ملزم مومن آباد کے ڈسکو موڑ کا رہائشی ہے،ملزم اس سے قبل بھی منشیات کے مقدمے گرفتار ہو چکا تھا اور حال ہی میں جیل سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں