کراچی عوام نے نقلی پستول سے لوٹنے والے ڈاکوؤں کی اصلی دھنائی کردی
بفرزون میں نقلی پستول سے لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو مکینوں نے پکڑ کرخوب درگت بناڈالی تاہم پولیس نے موقع پرپہنچ کرانہیں لوگوں سے چھڑایا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکوؤں نے بفرزون کے مکینوں کو نقلی پستول دکھا کرنقدی اورقیمتی سامان سےمحروم کردیا تھا لیکن علاقے کے کچھ باہمت نوجوان ملزمان کے ہاتھ میں پکڑی پستول کی اصلیت جان کا انہیں گھیرے میں لے لیااور پھر انہیں پکڑ کر سب نےجی بھر کر ان کی درگت بنائی۔ صرف یہیں پربس نہیں ہوئی اور سڑک سے گزرنے والے ہرراہگیر نے بھی ثواب سمجھ کر ان پراپنے ہاتھ گرم کیے۔
سرعام اس دھنائی کی خبر پولیس کو بھی مل گئی اور وہ اپنے مہمانوں کو لینے علاقہ مکینوں کے پاس پہنچ گئی لیکن عوام کا غیضب و غضب دیکھ کر پولیس کو انتظار کرنا پڑا۔ لوگوں کو سمجھانے اور ملزمان کو جیل بھیجنے کی یقین دہانی پر عوام سے پٹنے والے یہ دونوں ڈاکو سرکاری مہمان بن کر پہنچے تیموریہ پولیس اسٹیشن جہاں ان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق دونوں ملزمان نیو کراچی کے رہائشی ہیں اور مہینے کی شروع کی تاریخوں میں لوٹ مارکرکے زیادہ رقم جمع کرنا چاہتے تھے مگرشوق نے حوالات کے مہمان بنا دیا۔