سمندر کی تہہ میں گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کرنے والا ڈوب کر ہلاک

زیر آب گرل فرینڈ کو محبت بھرا خط پڑھانے کے بعد منگنی کی انگوٹھی نکالتے ہی نوجوان گہرے پانی میں ڈوب گیا

شادی کی پیشکش کے لیے جیسے ہی انگوٹھی نکالی نوجوان سانس بحال نہ رکھ سکا اور ڈوب گیا۔ فوٹو : بی بی سی

تنزانیہ میں زیر آب محبت کا اظہار کرنے اور شادی کی پیشکش کرنے والا امریکی نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔


بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹیون ویبر نامی امریکی شہری اور اس کی گرل فرینڈ کینیشا انٹونے تنزانیہ کے پیمبا جزیرے سے دور مانٹا ریسورٹ کے ایک زیر آب کیبن کے کمرے میں تعطیلات منانے کے لیے ٹھہرے ہوئے تھے جو ساحل سے 250 میٹر کی دوری پر تھا۔


اسٹیون ویبر نے تیسرے روز اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کے لیے پانی میں غوطہ لگایا اور زیر آب کیبن کے اپنے کمرے کی کھڑکی کے شیشے میں تحریری خط چسپاں کیا، اندر کمرے سے ان کی گرل فرینڈ سارے منظر کی ویڈیو بنا رہی تھی۔ویبر انگوٹھی نکالنے کے لیے پلٹے تو گہرائی میں کھو گئے اور کبھی واپس نہیں آئے۔

غوطہ خور کی ٹیم نے اسٹیون ویبر کی لاش کو نکال لیا، ریسٹورینٹ انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ اسٹیون بغیر اطلاع دیئے اکیلے ہی گہرے پانی میں غوطہ لگانے چلے گئے، اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں پہنچیں لیکن تب تک بہت دیر ہوگئی تھی۔ گو اسٹیون نے تیراکی والا چشمہ اور فلپرس پہنے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ ڈوب گئے۔

اسٹیون ویبر نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ ' تمھیں یہ بتانے کے لیے کہ میں تم سے متعلق کس کس چیز سے پیار کرتا ہوں، میں اپنی سانس زیادہ دیر تک تھام نہیں سکتا مگر میں تمھاری ہر چیز سے محبت کرتا ہوں، میں ہر گزرتے دن میں تم سے زیادہ محبت کرتا ہوں۔' اور وہ واقعی سانس زیادہ دیر تھام نہیں سکے اور ڈوب گئے۔
Load Next Story