ٹنڈو محمد خان بھتہ نہ دینے پر مافیا نے کیبل کے تار کاٹ دیے

ملزمان کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تونیٹ ورک بند کردینگے،غلام حیدر


Nama Nigar October 03, 2013
انتہائی قیمتی فائبر آپٹک کیبل کے تار کاٹ دیے جس سے متعدد علاقوں میں کیبل نشریات شدید متاثر ہوئی ہیں۔

ٹنڈو محمد خان میں بھتہ مافیا کی کاروائی، بھتہ نہ ملنے پر کیبل کے تار کاٹ دیے، بیشتر علاقوں میں کیبل نشریات متاثرہ، بھتہ خوروں کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی تو کیبل نیٹ ورک بند کر دیں گے۔

آپریٹرز کی پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان کے کیبل آپریٹرز پیر غلام حیدر جان سرہندی، غلام مصطفی خاصخیلی اور پیر فیصل جان نے دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سلو ہالیپوٹو اور ارشد بھٹی نامی افراد نے اُن سے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر شہر کے مختلف علاقوں میں انتہائی قیمتی فائبر آپٹک کیبل کے تار کاٹ دیے جس سے متعدد علاقوں میں کیبل نشریات شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ بھتہ خوروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں منتھلی نہ دی گئی تو وہ ٹنڈو محمد خان میں کیبل نہیں چلنے دیں گے۔



ان کا مزید کہنا تھا کہ بھتہ خوروں کی دھمکیوں اوران کے ناموں کے بارے میں سٹی تھانے پر ابتدائی رپورٹ لکھوا دی گئی ہے تاہم پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی سے گریز کر رہی ہے اگر پولیس نے 24 گھنٹوں میں نامزد ملزمان کو گرفتار نہیں کیا تو مرحلہ وار پورے شہر میں کیبل نیٹ ورک بند کر دیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سندھ اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ بھتہ خوروں کو فوری طور گرفتار کیا اور کیبل آپریٹرز کو تحفظ دیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں