گورنر سندھ کا کچرے کی صفائی میں کوئی کردار نہیں مراد علی شاہ

ملیر 15 پر گٹر میں پتھر ڈالے گئے جہاں ایک ایم این اے نے دھرنا دیا، وفاقی حکومت ہٹ جائے ہم کراچی صاف کرکے دکھائیں گے

ملیر ہالٹ پر گٹر میں پتھر ڈالے گئے جہاں ایک ایم این اے نے دھرنا دیا تھا اور مقصد شہر کا ڈرینیج سسٹم تباہ کرنا تھا، وزیراعلیٰ سندھ (فوٹو: فائل)

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہٹ جائے ہم کراچی کو صاف کرکے دکھائیں گے گورنر سندھ کا کچرے کی صفائی میں کوئی کردار نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں جاری سندھ حکومت کی صفائی مہم کے دوسرے روز ضلع ساؤتھ ، ویسٹ اور ملیر کا دورہ کیا، مہم کے پہلے دن 7152 ٹن کچرا اٹھایا گیا جبکہ دوسرے دن بھی بھاری پتھر 24 انچ کی سیوریج لائن ملیر 15 سے نکالے گئے جو کہ شرپسندوں کی جانب سے لائنوں میں ڈالے گئے۔

وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء سعید غنی ، ناصر شاہ ، مرتضیٰ وہاب ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ بھی موجود تھے تاہم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سربراہ سرے سے موجود ہی نہیں تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دورے کا آغاز لیاری ڈسٹرکٹ ویسٹ سے کیا جب کہ وہ ملیر، بھینس کالونی بھی گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ لیاری پہنچے اور ڈی آئی جی سی آئی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی کا دفتر لیاری میں ہے لیکن انہیں اپنے آفس کے باہر کچرا نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دفتر کے باہر صفائی کروائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر پولیس افسران کو اپنے دفتر سے خراب گاڑیاں فوری نکالنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لیاری کی جی ٹی ایس کابھی دورہ کیا۔


وزیر اعلیٰ نے ٹرک اسٹینڈ، ماڑی پور کا دورہ کیا اور ہاکس بے روڈ پر پرانی گاڑیاں پارک کرنے پر سخت برہم ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی ویسٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ گاڑیاں فوری طور پر روڈ سے ہٹائیں۔ وزیراعلیٰ نے ملیر ہالٹ ، کالا بورڈ اور ملیر 15 کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وہاں موجود گٹر کا بھی معائنہ کیا اس کے بارے میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اس گٹر میں بھاری پتھر نکلے ہیں۔

یہ پڑھیں: ملیر میں چار دن کی کوششوں کے بعد گٹر لائن سے بھاری پتھر برآمد

وزیر اعلیٰ کو یہ بھی بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے اکرم نے یہاں دھرنا دیا تھا لوگوں کا خیال ہے کہ اُس وقت یہاں اس گٹر میں پتھر ڈالے گئے ہوں گے جس پر انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی یہ پتھر گٹروں میں ڈالے ہیں ، وہ اس شہر اور شہریوں کا دشمن ہے، ہماری مخالفت ضرور کریں لیکن شہریوں کو سزا نہ دیں۔

بھینس کالونی کے دورے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کا کہ کراچی کی صفائی کا کام پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا، یہ کام لوکل گورنمنٹ، کنٹونمنٹ بورڈز اور کے پی ٹی کا ہے لیکن الزام میرے اوپر ہے اس وجہ سے میں نے اس کام کا بیڑہ اٹھا یا ہے، میں صفائی کرکے اسے ڈی ایم سیز کے حوالے کروں گا اس کے بعد اسے برقرار رکھنا ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملیر ہالٹ پر گٹر میں پتھر ڈالے گئے ہیں ایک ایم این اے نے وہاں دھرنا دیا تھا، مقصد شاید شہر کے ڈرینیج سسٹم کو تباہ کرنا تھا، جسے سیاست کرنی ہے وہ کرے لیکن دشمنی نہ کرے۔
Load Next Story