کراچی میں ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار

25 ستمبر کو شہر میں ایک بار پھر ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،  چیف میٹرولوجسٹ


ویب ڈیسک September 23, 2019
بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں، چیف میٹرولوجسٹ

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

 

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 دن کی شدید گرمی کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ آنے والے دو دنوں میں درجہ حرارت ایک سے دو ڈگری تک مزید کم ہوگا، 25 ستمبر کو شہر میں ایک بار پھر ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم متوقع ہلکی بارش سے شہر کے درجہ حرارت میں کوئی واضح کمی نہیں آئے گی۔

سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 26 سے 29 ستمبر کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اس دوران شہر میں ایک بار پھر سمندری ہوائیں بند ہونے کا خدشہ ہے، 26 سے 29 ستمبر تک بھارتی گجرات سے ایک اور لو پریشر ایریا بنے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ اس وقت بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، طوفان کراچی کے ساحل سے 5 سو کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ہے، طوفان مغرب کی جانب بڑھے گا اور عمان کے ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان کے آگے بڑھنے تک کراچی میں سمندی ہوائیں معطل رہیں گی، طوفان کے سبب ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں