امریکی صدر کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش

امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیر کے مسئلہ کو بات چیت سے حل کریں گے، صدر ٹرمپ


ویب ڈیسک September 23, 2019
پاکستانی وزیراعظم پر مکمل اعتماد کرتا ہوں، امریکی صدر۔ فوٹو:فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ایک بار پھر کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کی پیشکش کردی۔

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر اور جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی پر بات چیت کی گئی۔

بطورسپرپاور امریکا دیرینہ مسئلے کے حل میں اہم کردارادا کرسکتا ہے، عمران خان

نیویارک میں امریکی صدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا اور ڈونلڈ ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بطورسپرپاور امریکا دیرینہ مسئلے کے حل میں اہم کردارادا کرسکتا ہے، ٹرمپ بڑے ملک کے صدر ہونےکی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالیں کیوں کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے صدرٹرمپ سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ بدترین پابندیوں کے خاتمے کیلئے مودی سرکار پردباؤ ڈالنے پر بھی زور دیا ہے۔

خطے کے تنازعات کے حل کیلئے عمران خان کا کرداراہمیت کا حامل ہے، امریکی صدر

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھرمسئلہ کشمیر پرثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے تنازعات کے حل کیلئے عمران خان کا کرداراہمیت کا حامل ہے، عمران خان اور نریندر مودی سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور بھارت چاہیں تو کشمیر پر ثالثی کو تیار ہوں، امید ہے پاکستان اور بھارت کشمیر کے مسئلہ کو بات چیت سے حل کریں گے۔

بہت سے ممالک کی قیادت ملنا چاہتی تھی لیکن عمران خان کا انتخاب کیا، ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عمران خان خطے کی ترقی اور امن کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، عمران خان بہترین وزیراعظم اور اچھے دوست ہیں، مجھے ان کی قیادت پر بھروسہ ہے، پاکستان کے پاس ایک عظیم رہنما ہے جو اچھا کھلاڑی بھی تھا، بہت سے ممالک کی قیادت مجھ سے ملنا چاہتی تھی لیکن عمران خان کا انتخاب کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں