ایبٹ آباد پولیس آپریشن میں ایک دہشتگرد گرفتار حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی
مانگل نکا پانی کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا تاہم کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز مانگل اور دھم توڑ کے علاقوں سے گرفتار 2 دہشت گردوں کی نشاندہی پر پولیس نے ان کے ساتھیوں کے خلاف مانگل نکا پانی میں آپریشن کیا، دوران آپریشن دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایبٹ آباد پولیس کے ایس پی، ڈی ایس پی اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا جسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے دونوں ملزمان سے خودکش جیکٹس، راکٹ لانچرز اور تخریبی کارروائیوں میں استعمال ہونے والا دیگر مواد بھی پکڑا گیا تھا۔