لیاری رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج

بے گناہ افراد کو شام تک رہا نہیں کیا گیا تو دوبارہ دھرنا دیا جائیگا،مظاہرین کی پولیس کو دھمکی


Staff Reporter August 31, 2012
رینجر کے ٹارگٹڈ آپریشن کیخلاف لیاری کے مکین ماڑی پور روڈ پر احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: لیاری میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن اور درجنوں افراد کی گرفتاری کیخلاف علاقہ مکینوں نے ماڑی پور روڈ پر احتجاج کیا، تفصیلات کے مطابق لیاری میں رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے دوران54افراد کو حراست میں لیے جانے کیخلاف لیاری کے مکینوں نے جمعرات کی صبح شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر چاکیواڑہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے دکانیں و کاروبار بند کرادیا۔

بعدازاں مظاہرین جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ماڑی پور روڈ پر پہنچ گئے جہاں انھوں نے دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا، اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے ٹریفک پر پتھراؤ بھی کیا گیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ماڑی پور روڈ پر بھاری نفری کو تعینات کردیا، مشتعل افراد کا مطالبہ تھا کہ اگر گرفتار افراد جرائم پیشہ ہیں تو انھیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، مظاہرے کی وجہ سے ماڑی پور روڈ ساڑھے4گھنٹے سے زائد بند رہی ۔

مظاہرین نے دھرنا ختم کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر جمعہ کی شام4 بجے تک بے گناہ افراد کو نہیں چھوڑا گیا تو دوبارہ ماڑی پور روڈ پر دھرنا دیا جائیگا، رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاری کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ اور سرچ آپریشن کے دوران54افراد کو حراست میں لیا تھا جبکہ چھاپوں کے دوران رینجرز نے بڑی تعداد میں اسلحہ، دستی بم اور دھماکا خیز مواد کے علاوہ گولیاں بھی برآمد کی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں