آزاد کشمیرمیں زلزلے سے تباہی25 افراد جاں بحق اور 400 سے زائد زخمی

اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے


ویب ڈیسک September 24, 2019
زلزلے کی شدت 5.8 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز آزاد کشمیر میں تھا فوٹو:ٹوئٹر

آزاد کشمیر میں زلزلے کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں شدید زلزلہ آیا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں، دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔

محکمہ داخلہ کشمیر نے تصدیق کی ہے کہ میر پور سمیت آزاد کشمیر میں آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد بڑھ کر 25 ہوگئی ہیں۔

منگلا ڈیم زلزلے سے متاثر نہیں ہوا، چیئرمین این ڈی ایم اے

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے میر پور کے کچھ علاقے زیادہ متاثر ہوئے، منگلا سے جاتلاں جانے والی سڑک، 3 پل اور کئی مکانات منہدم ہوئے ہیں جب کہ منگلا ڈیم اس زلزلے سے متاثر نہیں ہوا لیکن احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ٹربائن بند کی تھیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ فوجی دستے متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں، پی ڈی ایم اے بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے 20 ایمبولینسز اور 100 ریسکیو اہلکار پہنچ چکے ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں خیمے کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات بھی بھیجی جارہی ہیں تاہم کل متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کروں گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا دورہ مختصر

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی دورہ لاہور مختصرکردیا، وہ امدادی کاموں کی نگرانی خود کریں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ریسکیواداروں کوامدادی سرگرمیاں تیزکرنےکی ہدایات کردی ہیں۔

24 گھنٹے تک آفٹر شاکس

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد اگلے 24 گھنٹے تک آفٹر شاکس آنے کا امکان ہے۔

صدر و وزیراعظم کا اظہار افسوس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر، اسلام آباد اور مختلف شہروں میں شدید زلزے کی وجہ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔وزیراعظم نے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

آرمی چیف کی ہدایت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو آزادکشمیر میں امدادی کارروائیوں میں فوری حصہ لینے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد آرمی ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔

پاک فوج کے دستے پہنچ گئے

آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے میرپور میں نقصانات کا فضائی جائزہ مکمل کرلیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میرپور ، جڑی کس اور جاتلاں کے علاقوں میں فضائی جائزہ مکمل کیا گیا جب کہ پاک فوج کے دستے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔



زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں تھا۔



میرپور میں زلزلےسےعمارت گرگئی جس کے نتیجے میں وہاں موجود 50 افراد ملبے تلے دب گئے۔ متعدد افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زلزلے سے سڑکوں پر گہرے شگاف پڑگئے اور کئی گاڑیاں الٹ گئیں جس کے باعث آمد و رفت منقطع ہوگئی ہے۔



وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ٹیکسلا،واہ کینٹ، جہلم، سوہاوہ، جھنگ، سرگودھا، سمندری، چنیوٹ، جنڈیالہ شیر خان، ٹوبھہ، گوجرخان، اٹک، اوکاڑہ، رائیونڈ، خوشاب، جڑانوالہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔



ادھر خیبر پختون خوا میں بھی پشاور، ہری پور، ایبٹ آباد، صوابی ، بونیر ، سوات ، دیر ، چترال سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔



اطلاعات کے مطابق بھارتی پنجاب اور دہلی تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں