پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہر فورم پراحتجاج کریں گےخورشید شاہ

چوہدری نثارپیٹرولیم لیوی کو جگا ٹیکس کہتے تھے اب اسے ختم کیوں نہیں کیا جاتا، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک October 03, 2013
پیپلز پارٹی کی حکومت نے سر کلر ڈیٹ کو کم نہیں کیا تو بڑھایا بھی نہیں،قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ منی بجٹ ہے جس کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے سے آٹا خود بخود مہنگا ہو جاتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا میں سستی ہورہی ہیں لیکن یہاں مہنگی کر دی گئیں، پیٹرولیم لیوی کی مد میں 30 روپے فی لیڑ وصول کئے جارہے ہیں،ہمارے دورمیں چوہدری نثارعلی خان اسے جگا ٹیکس قرار دیتے تھے اب اسے ختم کیوں نہیں کیا جاتا۔ 2012 تک ڈیزل 98روپے فی لیٹر تھا حکومت کا پیٹرولیم و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مڈٹرم عوام کشن بجٹ ہے، خالی خزانہ رکھنے والی ہماری حکومت نے 14سو ارب روپے بجلی اور 13 سو ارب روپے دیگر اشیا پر سبسڈی دی ہے۔ ہم ایف بی آر کی وصولیاں 1180 ارب سے 2000 ارب روپے تک لے گئے، موجودہ حکومت نے سر کلر ڈیٹ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا روزانہ ایک ارب روپے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران کچھ لوگ عدالتوں میں جا کر واویلا کرتے تھے کہ حکومت نااہل ہے جو لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکتی، اب ملک میں 10، 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے 2003 سے 2007 تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جس کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ 427ارب کا ہو گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سر کلر ڈیٹ کو کم نہیں کیا تو بڑھایا بھی نہیں۔ حکومت کے تین ماہ میں سر کلر ڈیٹ127ارب تک پہنچ چکا ہے۔

قائدحزب اختلاف نے کہا کہ ہمارے 5 سالہ دور حکومت میں ڈالر کی مجموعی قیمت میں 30 روپے اضافہ ہوا لیکن حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت قرضہ لیا اور ڈالر کو 127 روپے تک لے جانے کی حامی بھری۔ حکومت نے 3 ماہ میں 12 روپے کا اضافہ کردیا۔ اسٹیٹ بینک واضح کرے کہ ڈالر کی قدر میں اتنا اضافہ کیسے ہوا اور کس کس نے اس سے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ چیرمین نیب کی تقرری کے لئے حکومت اور اپوزیشن سنجیدہ ہے، وزیراعظم نواز شریف اور ان کے درمیان کل صبح ملاقات ہو گی اور توقع ہے کہ اس ملاقات میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں