اٹلی میں کشتی ڈوبنے سے 130 غیر قانونی تارکین وطن ہلاک سیکڑوں لاپتہ

حادثے کے وقت کشتی میں 500 سے زائد افراد سوار تھے جن میں صرف 130 افراد کو زندہ بچایا جاسکا ہے دیگر کی تلاش جاری ہے۔


ویب ڈیسک October 03, 2013
ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، فوٹو: رائٹرز

اٹلی کے ساحلی علاقے سسلی کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 130 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں لاپتہ ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے ساحلی علاقے سسلی کے ایک جزیرے لمپیڈیسا کے قریب افریقا کے مختف ملکوں سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی خراب ہوگئی. کشتی میں سوار افراد کی جانب سے اٹلی کی کوسٹ گارڈ اہلکاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے آگ لگائی گئی جو تیز ہواؤں کے باعث تیزی سے پھیلنا شروع ہوگئی، صورت حال دیکھ کر کشتی میں موجود افراد نے سمندر میں چھلانگیں لگادیں جبکہ خواتین اور بچے کشتی میں ہی محصور ہو کر رہ گئے۔

امدادی اداروں کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، حادثے کے وقت کشتی میں 500 سے زائد افراد سوار تھے جن میں صرف 130 افراد کو زندہ بچایا جاسکا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے تاہم ہلاکتوں میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ افریقا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد اپنے بہتر مستقبل کے لئے غیر قانونی طور پر کشتیوں کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں جن میں بہت بڑی تعداد میں افراد راستے میں ہی کسی نہ کسی حادثے کا شکار ہوکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں