زلزلے سے متعلق بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی مذمت کرتی ہوں فردوس عاشق

ایک مخصوص جماعت نے میرے بیان کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا، معاون خصوصی


ویب ڈیسک September 25, 2019
ایک مخصوص جماعت نے میرے بیان کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا، معاون خصوصی فوٹو:فائل

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ زلزلے اور تبدیلی سے متعلق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی وہ مذمت کرتی ہیں۔

میرپور آزاد کشمیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گزشتہ روز تقریب میں غیر رسمی گفتگو کی جارہی تھی جس میں سوشل میڈیا پر تبدیلی کی بات ہورہی تھی، تقریر کے دوران زلزلے سے ہونے والی تباہی، حقائق اور نقصانات کی تفصیلات کا علم نہیں تھا، میرے بیان کو سوشل میڈیا پرغلط انداز میں اور توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی مذمت کرتی ہوں، ایک مخصوص جماعت نے اپنے میڈیا سیل کے ذریعے اس معاملے کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلے سے متعلق فردوس عاشق اعوان کے بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ زلزلے سے متاثرہ افراد کے زخموں پر نمک پاشی کا باعث بنتا رہا جو قابل افسوس ہے، لوگ بیان بازی اور بہتان تراشی کےبجائے زلزلہ متاثرین کی مددکریں، قوم یکجہتی سے مشکلات اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرتی ہے، اس لیے ضروری ہے ہر پاکستانی ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔



واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز زلزلے سے متعلق ایک عجیب و غریب اور غیر سنجیدہ بیان دیا تھا جس پر سوشل میڈیا میں ان پر شدید تنقید کی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقدہ تقریب میں جان لیوا زلزلے کی تباہ کاریوں اور عوامی تکلیف یکسر نظر انداز کرتے ہوئے کہا تھا جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو نیچے بے تابی ہوتی ہے، یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اسے بھی اتنی جلدی تبدیلی قبول نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں