کراچی میں کرکٹرز کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم

ہوٹل میں کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو قریب جانے کی اجازت نہیں


Saleem Khaliq September 26, 2019
پاکستانی کھلاڑی بھی اکیلے باہر نہیں جا سکتے،پہلے بتانے کی ہدایت

کراچی میں کرکٹرز کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم ہے، کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو قریب جانے کی اجازت نہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم 10برس بعد پاکستان آئی ہے، ماضی کے ناخوشگوار واقعے کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکام انتظامات میں کوئی کسر چھوڑنے کو تیار نہیں،کراچی میں پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کے گرد سخت سیکیورٹی حصار قائم ہے۔

میزبان کرکٹرز کو بھی اکیلے کہیں باہر جانے کی اجازت نہیں،3،4 کے گروپ میں ڈنر وغیرہ کیلیے جانے کی ہدایت دی گئی ہے، پہلے سے اہلکاروں کو بتانا ضروری ہے تاکہ روٹ کلیئر کرایا جا سکے، گذشتہ روز چند کرکٹرز اسی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ہوٹل سے باہر گئے، بارش کے سبب پاکستانی ٹیم بھی 2روز سے ہوٹل میں ہی مقیم ہے۔

کھلاڑی گزشتہ روز پریکٹس کا موقع نہ ملنے پر مایوس نظر آئے، سری لنکن کرکٹرز بھی آرام ہی کرتے رہے، ذرائع نے بتایا کہ دونوں ٹیمیں الگ الگ فلورز پر مقیم ہیں، لفٹ سے اترتے ہی سیکیورٹی کے2،3 افراد دکھائی دیتے ہیں، وہ کسی اجنبی کووہاں نہیں آنے دیتے، لابی میں بھی غیرمتعلقہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں، اس سے قبل پی ایس ایل کے دوران بھی ایسی ہی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس سے بہترین انداز میں مقابلوں کا انعقاد ہوا تھا۔

پاکستانی کرکٹرزکی گذشتہ روز سری لنکن پلیئرز سے بھی ملاقات ہوئی اور ایک دوسرے کا حال احوال پوچھا،2دن سے ہوٹل تک محدود سری لنکن کرکٹرز شدت سے اسٹیڈیم جا کر پریکٹس کرنے کے منتظر ہیں، البتہ اس کے لیے انھیں بہتر موسم کا انتظار کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو کھیلا جائے گا، دیگر 2میچز اتوار اور بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہی شیڈول ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں