امریکا پاکستان کو بیوقوف بنارہا ہے اور ہم بن رہے ہیں مولانا فضل الرحمان

عمران خان اپنے گاؤں کے مسائل حل نہیں کرسکتے ایران اور سعودی عرب میں ثالثی کیسے کرائیں گے، مولانا فضل الرحمان

عمران خان پاکستان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان. فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کی کس طرح پزیرائی کی وہ ڈھکی چھپی نہیں ہے، امریکا ہمیں بیوقوف بنارہا ہے اور ہم بن رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق پاکستان کے عوام اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں، امریکا نے پاکستان اور بھارت کی کس طرح پزیرائی کی وہ ڈھکی چھپی نہیں، امریکا ہمیں بیوقوف بنارہا ہے اور ہم بن رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان تو اپنے گاؤں کے مسائل حل نہیں کرسکتے ایران اور سعودی عرب میں ثالثی کیسے کرائیں گے، وہ پاکستان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، عمران خان مودی کی فتح کے خواہشمند تھے تاکہ کشمیر کا مسئلہ حل ہوسکے، مودی نے کشمیر کی حیثیت رات و رات ختم نہیں کی یہ تو اس کے انتخابی منشور کا حصہ تھا، حکومت کشمیر کو فروخت کرچکی ہے، اب سرینگر کو حاصل کرنے کی نہیں مظفر آباد کی فکر ہے۔


مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت احتساب نہیں اداروں کے ذریعے اپوزیشن سے انتقام لے رہی ہے، انتخابی دھاندلی کی غلطیاں کرنے والوں کو بھی سوچنا ہوگا، سب کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہنا چاہیے، عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے تو احتجاج بھی ہوں گے، دھرنے کے لئے اکتوبر سے بہتر کوئی موسم نہیں ہوسکتا، اسلام آباد لاک ڈاؤن کو مؤخر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، سیاسی جماعتیں طے کرلیں کہ انتخابات کے علاوہ کچھ تسلیم نہیں کریں گے۔

 

 
Load Next Story