یو اے ای کے اولین خلا باز کی خلا میں روانگی

خلا میں روانگی سے قبل المنصوری نے ٹویٹ پر لکھا کہ اسے اس تاریخی موقع پر بے حد خوشی اور فخر کا احساس ہو رہا ہے۔

خلا میں روانگی سے قبل المنصوری نے ٹویٹ پر لکھا کہ اسے اس تاریخی موقع پر بے حد خوشی اور فخر کا احساس ہو رہا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

SINGAPORE:
اب جب کہ مختلف ممالک کی طرف سے خلا نوردی کے امکانات کا ذکرکیا جا رہا ہے اور بھارت کا خلائی جہاز چاند پر پہنچتے پہنچتے رہ گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اپنے اولین خلا باز کے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک کے سفر کا جشن منانا شروع کر دیا ہے اور اپنے خلا باز 35 سالہ حضا المنصوری کو قومی ہیرو قرار دیدیا ہے۔

گزشتہ روز امارات کے خلا باز حضا المنصوری ، روس کے اولیگ سکری پوشکا اور ناسا کی خلا باز خاتون جیسکا میئر اسپیس اسٹیشن پر جانے کے لیے خلائی راکٹ سویز پر سوار ہوئے۔ یہ راکٹ قزاقستان کے علاقے بیکونور سے انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوا۔ متحدہ عرب امارات نے اپنی ایئر فورس کے سابق پائلٹ کو خلائی اسٹیشن پر بھیجنے کے لیے منتخب کیا ہے۔

وہ امارات کا پہلا شہری ہو گا جو خلائی سفر پر بھیجا گیا ہے ۔ خلائی سینٹر پر جمع ہونے والوں نے ہاتھ میں یو اے ای کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور نیلے رنگ کے جمپر پہنے ہوئے تھے اور ''ہمارا مستقبل کا خلا باز'' کے نعرے لگا رہے تھے۔ خلا نورد منصوری کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جانا متحدہ عرب امارات کے خلائی سفر کا محض نقطہ آغاز ہے جو کہ آگے چل کر بڑی کامیابیوں میں تبدیل ہو جائے گا۔


متحدہ عرب امارات نے اپنا رخ خلا نوردی کی طرف موڑ دیا ہے لہٰذا اس میدان میں بھی بتدریج ترقی کی جائے گی۔ امارات کے خلا باز حضا المنصوری بین الاقوامی خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس پر پورا ایک ہفتہ قیام کرے گا اور اس دوران کچھ مخصوص قسم کے تجربات بھی کیے جائیں گے۔

خلا میں روانگی سے قبل المنصوری نے ٹویٹ پر لکھا کہ اسے اس تاریخی موقع پر بے حد خوشی اور فخر کا احساس ہو رہا ہے۔ اس نے لکھا آج مجھے اپنے وطن کے اعتبار سے عظمت اور تفاخر کا احساس ہو رہا ہے چنانچہ میری دعا ہے کہ اللہ ہمارے اس تجربے کی کامیابی کے لیے ہماری رہنمائی کرے۔

واضح رہے متحدہ عرب امارات کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی امارات کے اولیں خلائی مشن کے لیے کامیابی کی دعا کی ہے۔ امارات کے حکمران کی طرف سے 2017میں اعلان کیا گیا تھا کہ آیندہ پانچ سال میں چار اماراتی خلا باز خلاء میں بھیجے جائیں گے۔
Load Next Story