سینئر کرکٹرز نے ایک بار پھرمعاوضوں پر تشویش ظاہر کردی

جونیئرز کو مشکلات سے بچانے کیلیے کنٹریکٹ پر دستخط کا کڑوا گھونٹ پیا تھا، پلیئرز


Sports Reporter/Abbas Raza October 04, 2013
جونیئرز کو مشکلات سے بچانے کیلیے کنٹریکٹ پر دستخط کا کڑوا گھونٹ پیا تھا، پلیئرز. فوٹو: اے ایف پی

سینئر پاکستانی کرکٹرز نے ایک بار پھر معاوضوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کے مطابق جونیئرز کو مشکلات سے بچانے کیلیے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کا کڑواگھونٹ پی لیا تھا تاہم صورتحال پر اب بھی افسوس ہوتا ہے،کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں اور پی سی بی میں مال و دولت کی ریل پیل کھلاڑیوں کے دم سے ہی ہے تاہم سہولتوں سے فائدہ اٹھانے میں بورڈ حکام پیش پیش ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ پر روانگی سے قبل قومی کرکٹرز سے خاموشی سے معاہدوں پر دستخط کرا لیے تھے، عام طور پر پہلے میڈیا کو فہرست جاری کر کے بعد میں سائن کرائے جاتے تھے مگر اب اس کے برعکس کام کیا جاتا ہے۔ پلیئرز کو صرف ایک صفحہ دیا جاتا جس پر لکھا ہوتا ہے'' میں اچھی طرح پڑھنے کے بعد کنٹریکٹ پر دستخط کر رہا ہوں''۔



رواں سال بھی بورڈ کسی اضافے کے موڈ میں نہ تھا مگر مصباح اور محمد حفیظ کے قائل کرنے پر ماہانہ تنخواہوں میں 15فیصد اور ٹیسٹ میچ فیس میں 50ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا۔ مہنگائی کی تازہ لہر نے ایک بار پھر سینٹرل کنٹریکٹ کے زخم ہرے کردیے، کیمپ میں موجود کئی سینئر کرکٹرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کی، انھوں نے کم معاوضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں معاہدے پیش کرتے ہوئے پہلے معاملات غیر ضروری طور پر تاخیر کا شکار کیے جاتے ہیں، پھر کوئی بھی دورہ شروع ہونے سے قبل عین وقت پر کنٹریکٹ قبول کرنے کو کہا جاتا ہے، کیریئر کے آغاز میں ہی تنازعات میں پڑنا جونیئرز کیلیے مناسب نہیں ہوتا۔

لہذا زیادہ تر نوجوان کرکٹرز کی بڑی تعداد پہلے ہی دستخط کرچکی تھی،اس لیے انھیں مشکلات سے بچانے کیلیے کسی لمبی بحث میں پڑنے کے بجائے ہمیں بھی کڑوا گھونٹ پینا پڑا تاہم صورتحال پر افسوس ہوتا ہے، کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں اور پی سی بی میں مال و دولت کی ریل پیل کھلاڑیوں کے دم قدم سے ہے تاہم سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں حکام پیش پیش ہیں،صرف دفتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے بورڈ ملازمین تو آسائشیں، گاڑیاں،موبائل فون، گھر کا کرایہ تک وصول کرتے اور ماہانہ لاکھوں کے اخراجات کرتے ہیں، کرکٹرز کی فلاح و بہبود کی بات آئے تو ان کو سانپ سونگھ جاتا ہے،انھوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت کی طرف سے بورڈ میں بطور سیکریٹری تقرری پانے والے امیر طارق زمان غیر ضروری ملازمین کی چھانٹی کرنے کے ساتھ کرکٹرز کے مسائل حل کرنے پر بھی توجہ دینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں