چیئرمین نیپرا نے کراچی میں نیا بجلی نظام ڈائنامائٹ قرار دیدیا

کے الیکٹرک نے اربوں روپے لگا کر نئے سسٹم کی بجلی تاریں لگائیں، جن سے اموات ہوئی ہیں، چیئرمین نیپرا


حسیب حنیف September 27, 2019
کے الیکٹرک نے اربوں روپے لگا کر نئے سسٹم کی بجلی تاریں لگائیں، جن سے اموات ہوئی ہیں، چیئرمین نیپرا۔ فوٹو: فائل

چیئرمین نیپرا نے کراچی میں بجلی کے نئے نظام کو ڈائنامائٹ قرار دے دیا۔

چیئرمین طلحہ محمود کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں سول انجینئرز کے لیے انجینئر نگ سروسز آف پاکستان بنانے کی تجویز زیر بحث آئی۔

چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے کہا متعلقہ وزارتوں اور اداروں کیلیے انجینئرنگ کیڈر بنایا جائے،ملک میں 21 اور 22 سکیل میں انجینئر نہیں،انجینئرنگ سے متعلقہ افسران کو بااختیار بنانے سے ہی بہتر فیصلے ہوسکتے ہیں۔

رخسانہ زبیری نے کہا کے الیکڑک میں 13 ڈائریکٹرز ہیں جن میں سے ایک بھی الیکڑیکل انجینئر نہیں۔ اعظم سواتی نے کہاعشرت حسین کی سربراہی میں کمیٹی کام کررہی ہے،اسے بھی سن لیا جائے تاہم کمیٹی نے اس کی مخالفت جبکہ انجینئرنگ کیڈر بنانے کی سفارش کردی۔

اجلاس میں نیپراایکٹ میں ترمیم کابل شبلی فرازنے پیش کیا،محرک نے کہااس ترمیم سے چیئرمین کی غیر موجودگی میں سات روز کے اندر قائم مقام چیئرمین تعینات کیا جائے گا،کمیٹی نے بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔کمیٹی میں کراچی میں بارشوں سے بجلی کی تاروں سے اموات کا معاملہ زیر بحث آیا توکمیٹی نے چیرمین کے الیکٹرک کی عدم شرکت پر اظہار برہمی کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاانھیں گرفتار کر کے ہتھکڑی لگا کر لایا جائے۔

چیئرمین نیپرا نے کہاحالیہ بارشوں میں35 شہریوں کی کرنٹ سے اموات ہوئیں،نیپرا نے ماضی میں کرنٹ لگنے سے موت پر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی نہیں کی، میں نے پہلی دفعہ شو کاز نوٹس دیا ،کے الیکٹرک نے اربوں روپے لگا کر نئے سسٹم کی بجلی تاریں لگائیں، جن سے اموات ہوئی ہیں،اس نے سسٹم کی بہتری کے نام پرڈائنامائٹ لگا دیا ہے۔

کمیٹی نے گزشتہ دس برسوں میں کے الیکٹرک کو دیے گئے شوکاز نوٹسز کی تفصیلات طلب کرلیں،چیئرمین نے کہاکے الیکٹرک کے لائسنس پرنظرثانی کی جائے،اس کے گلے میں پھندا ہم ڈالیں گے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والاذمہ دار کارپوریٹ ادارہ ہے جو تمام آپریشنز متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق سرانجام دیتا ہے، کے الیکٹرک سینیٹ کمیٹی کا احترام کرتا ہے اور سینیٹ کمیٹی کی جانب سے بلائے جانے والے تمام اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بناتا ہے۔

کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے 26ستمبرکو طلب کیے جانے والے اجلاس میں کے الیکٹرک حکام شرکت نہیں کرسکے تھے کیونکہ اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ اجلاس کی طے شدہ تاریخ کے ایک دن بعد کے الیکٹرک کے دفتر میں موصول ہوا تھا۔

کے الیکٹرک نے مزید کہا ہے کہ ادارہ حالیہ طوفانی بارشوں کے دوران پیش آنے والے افسوس ناک واقعات پر بے حد افسردہ ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے، کے الیکٹرک تفتیشی عمل میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے اور مقررہ وقت میں اپنا جواب اتھارٹی کو جمع کرایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔