پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے بارش کے باعث منسوخ

پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ اب 29 کی جگہ 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا


ویب ڈیسک September 27, 2019
پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ اب 29 کی جگہ 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا

شہر قائد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ منسوخ ہوگیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا، میچ کا ٹاس ڈھائی بجے ہونا تھا جو شہر میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور بعد ازاں گراؤنڈ میں پانی بہت زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے پہلا ایک روزہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس کے سبب نیشنل اسٹیڈیم میں بہت زیادہ پانی جمع ہوگیا تھا اور گراؤنڈ عملہ یہ پانی نکالنے میں ناکام رہا۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ میچ 20 اوورز تک محدود کردیا جائے گا تاہم اب میچ نہ ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

دوسری جانب میچ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ سیریز کے تینوں مقابلے کراچی میں بالترتیب جمعہ ، اتوار اور بدھ کو شیڈول ہیں۔

رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ گزشتہ روز دوپہر کو بھی ابررحمت کی وجہ سے قومی ٹیم کی پریکٹس کچھ دیر کیلیے روکنا پڑی تھی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں 10 برس بعد ون ڈے کرکٹ کی واپسی ہونے جارہی ہے، سری لنکن ٹیم اس بار بھی شہر قائد کے سونے میدان آباد کرنے میں پاکستان کی مدد میں پیش پیش ہے۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے، تاہم اس کے بعد پی سی بی کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی بتدریج ممکن ہوئی۔

2018 میں کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل شاندار انداز میں منعقد کیاگیا ، جس میں کئی نامور اسٹارز نے شرکت کی تھی، جس کے ذریعے 9 برس بعد اس میدان میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی واپسی ممکن ہوئی۔

اب سری لنکا سے سیریز کے ذریعے یہاں پر 10 برس بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔