دہشتگردوں پر قابو پانے کیلیے خصوصی فورس بنانے کا فیصلہ

وزیر اعظم جلد انسداد دہشت گردی فورس کی منظوری دینگے، وفاق10ارب خرچ کریگا


عامر خان October 04, 2013
وزیر اعظم جلد انسداد دہشت گردی فورس کی منظوری دینگے، وفاق10ارب خرچ کریگا..فوٹو: رائٹرز

وفاقی حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے اور شرپسند عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر انسداد دہشت گردی فورس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس فورس کے قیام کی حتمی منظوری وزیر اعظم میاں نواز شریف جلد امن وامان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میںدیں گے ۔ وفاقی حکومت اس فورس کے قیام کے لیے10 ارب روپے خرچ کرے گی جبکہ فورس میں مرکزی اور صوبائی سطح پر پہلے مرحلے میں 10 ہزار اہلکار اور افسران بھرتی کیے جائیں گے ۔ اس فورس کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے فوجی طرز کی جدید جنگی تربیت فراہم کی جائے گی اورجدید ترین ہتھیار اور آلات مہیا کیے جائیںگے، تربیت کا دورانیہ 2 سال ہوگا ۔ اس فورس کا قیام باقاعدہ جنوری2014 تک عمل میں لایا جائے گا ۔وفاقی حکومت کے اہم ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے وفاقی وزیر داخلہ ، صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں سے تفصیلی مشاورت کی ہے اور اس مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی اور چاروں صوبائی سطح پر انسداد دہشت گردی سکیورٹی فورس فوری طور پر تشکیل دی جائے ۔



ذرائع کے مطابق وفاقی سطح پر اس فورس کا نام قومی انسداد دہشت گردی سیکیورٹی فورس ہوگا جبکہ صوبوں کی سطح پر اس سندھ ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان انسداد دہشت گردی سیکیورٹی فورس ہو گا ۔ قومی انسداد دہشت گردی سیکیورٹی فورس اسلام آباد میں قائم کی جائے گی، جو وفاقی وزارت داخلہ کے ماتحت کام کرے گی جبکہ صوبائی سطح پر یہ سیکیورٹی فورس محکمہ داخلہ کے ماتحت ہوگی ۔ وفاقی سطح پر قائم ہونے والی اس فورس میں 1500 اہلکار اور 500 افسران بھرتی کیے جائیں گے جبکہ صوبوں کی سطح پر قائم اس فورس میں ہر صوبے میں 1700 اہلکار اور 300 افسران بھرتی ہوں گے ۔ وفاقی سطح پر اس فورس کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد جبکہ صوبائی سطح پر ہیڈ کوارٹرز کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں ہوں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں