بجلی کے نرخوں پر اسحاق ڈار سے مشاورت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کریں گے نواز شریف

نچلے طبقے کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے، قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے، وزیراعظم کی وزیر خزانہ سے بات چیت


Numainda Express October 04, 2013
حکومت عدلیہ کی آزادی اور اس کے احترام پر مکمل یقین رکھتی ہے،وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

WANA: وزیراعظم میاں نواز شریف نے انسداد دہشتگردی قوانین میں پائی جانیوالی خامیاں اور نقائص دور کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

یہ ہدایات انھوں نے گزشتہ روز انسداد دہشتگردی قانون سازی کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد اور وزیراعظم آفس کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی گھنائونی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو منصفانہ طور پر سزا دینے کو یقینی بنانے کیلیے انسداد دہشتگردی قوانین میں پائی جانیوالی خامیاں دور کی جائیں اور انسداد دہشتگردی قوانین میں کوئی خلا اور رخنہ نہیں ہونا چاہیے جس سے دہشتگرد گھنائونے جرائم میں سزا سے بچ سکیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی اور انھیں بجلی کے نرخ معقول سطح پر لانے کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ کم آمدنی والے طبقات کا ہر قیمت پر تحفظ ہونا چاہیے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کل گھریلو صارفین کا 67 فیصد 200 یونٹ بجلی ماہانہ استعمال کرتا ہے جنہیں حالیہ ٹیرف میں مکمل تحفظ دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے نرخوں کو معقول سطح پر نہ لانے سے قومی خزانہ کو بھاری نقصانات اٹھانا پڑے ہیں۔ اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت اس وقت گھریلو صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے167ارب روپے سبسڈی ادا کر رہی ہے۔



آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کیے گئے حالیہ اضافے کو عام آدمی کیلیے ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر قیمت پر نچلے طبقے کے مفادات کا تحفظ کریگی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بجلی کی چوری روکنے کیلیے اقدامات پر بھی اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آدھی بجلی چوری بھی روک لی جائے تو اس کا فائدہ بل ادا کرنے والے عام صارفین کو پہنچایا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور بجلی چوروں کیخلاف سخت ترین کارروائی کرکے ان کو عبرت کی مثال بنایا جائے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سپریم کورٹ کی طرف سے بجلی کی قیمتوں پر لیے گئے ازخود نوٹس اور عدالت کی طرف سے دیے گئے ریمارکس کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت عدلیہ کی آزادی اور اس کے احترام پر مکمل یقین رکھتی ہے، اعلیٰ عدالتوں کے تمام فیصلوں پر عمل کرینگے۔ آن لائن کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہ کرکے حکومت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم ہائوس میں لطیف گیس فیلڈ خیرپور کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت نئی پٹرولیم پالیسی تشکیل دے رہی ہے، سعیدہ وارثی کی قیادت میں برطانوی وفد نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 2.2 ارب پائونڈز سے 3 ارب پائونڈز تک بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |