حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر 2 درجن سے زائد اشیا پر 2 فیصد اضافی سیلز ٹیکس لگا دیا

ایف بی آر کی جانب سے ان اشیا پر2 فیصد ٹیکس عائد کرنے کے بعد جنرل سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھ کر 19 فیصد ہوگیا ہے


ویب ڈیسک October 04, 2013
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے سیلز ٹیکس ایکٹ اور سیلز ٹیکس اسپیشل پروسیجرز میں ترامیم کرکے 2 نوٹی فکیشن جاری کئے گئے ہیں فوٹو: فائل

DUBAI: حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے غریب عوام پر مہنگائی کا ڈرون بم گرا تے ہوئے 2 درجن سے زائد اشیائے خوردونوش اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیاء پر 2 فیصد اضافی ٹیکس عائد کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے دو نوٹیفکیشن جاری کئے گئے ہیں جن کے تحت سیلز ٹیکس ایکٹ اور سیلز ٹیکس اسپیشل پروسیجرز میں ترامیم کی گئی ہیں. نوٹیفکیشنز کے تحت جن اشیاء پر تاجروں کو دو فیصد اضافی سیلز ٹیکس ادا کرنا ہوگا ان اشیاء کی پرچون قیمت ان کے پیکنگ میٹریل پر پرنٹ نہیں کرنا پڑے گی۔ اضافی سیلز ٹیکس نیٹ ورک میں آنے والی اشیا میں مٹھائیاں، بسکٹ، ٹافیاں اور چاکلیٹ سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں جب کہ گھریلو استعمال کی اشیا جن میں ایئرکنڈیشن، ریفریجریٹر، مائیکرو ویو، بلب، گیس ہیٹر، واشنگ مشین، پینٹ، ڈسٹمبر، بیٹریاں اور وارنش ٹائر، ٹیوب، آٹو پارٹس ،لُبریکینٹ آئل،بریک فلوئیڈ سمیت 2 درجن سے زائد اشیا پر 2 فیصد اضافی ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے ان اشیا پر2 فیصد ٹیکس عائد کرنے کے بعد جنرل سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھ کر 19 فیصد ہوگیا ہے۔ ٹیکس میں اضافے کے بعد اشیا خوردو نوش اور الیکٹرانکس سمیت دیگر گھریلو استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کیلئے یہ اضافی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے اس اقدام پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کا کہنا تھا کہ 120 دن میں حکومت کا یہ دوسرا بجٹ ہے، حکومت کا مدت پوری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، لوگ نہ بل دے سکتے ہیں نہ ان کے پاس روزگار ہے عوام کو چاہئے کہ اب وہ اس کرپٹ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، یہ حکومت جنتی جلدی جائے گی عوام سکھ کا سانس لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکمران اپنے لئے اسکریپ سستا کریں گے اور لوہے کو مہنگا کریں گے، غریب کے پاس صرف کپڑے رہ گئے ہیں یہ وہ بھی اتار لیں گے۔ الیکشن میں عوام سے دھوکا ہوگیا ہے جو لوگ کہتے تھے کہ ہم چوروں اور ڈاکوؤں کو گھسیٹیں گے آج وہ چوروں کے ساتھ مل گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔