ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی

رواں سیزن میں گلگت بلتستان میں ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، ذرائع ڈینگی مانیٹرنگ سیل

رواں سیزن میں ڈینگی سے 29 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ڈینگی مانیٹرنگ سیل۔فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
ملک بھر میں ڈینگی کے 690 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اب ڈینگی سے متاثر افراد کی تعداد 16011 ہوچکی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 690 مزید افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 16 ہزار 11 ہوگئی۔


ڈینگی مانیٹرنگ سیل کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے جہاں 3 ہزار 475 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، خیبر پختون خوا اس حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے جہاں 3 ہزار 412 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، اسی طرح سندھ میں ڈینگی کے 2 ہزار 904 کیسز، بلوچستان میں 2 ہزار 681 ، اسلام آباد میں 2 ہزار 777 ، آزاد کشمیر میں 373 اور قبائلی اضلاع میں 312 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے تاہم رواں سیزن میں گلگت بلتستان میں ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ذرائع کے مطابق رواں سیزن کے دوران ملک بھر میں ڈینگی سے 29 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، سندھ میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11، پنجاب میں 8، بلوچستان میں 3 جب کہ اسلام آباد میں 7 افراد کی اموات ہوچکی ہیں۔
Load Next Story