پی ایس ایل کی نئی14رکنی گورننگ کونسل قائم

چیئرمین سمیت بورڈ کے 8نمائندے شامل،6فرنچائز اونرزکو بھی جگہ دی گئی


Saleem Khaliq September 29, 2019
دوسرے ون ڈے کے باوجود میٹنگ کا کل انعقاد، اب صبح 10بجے آغاز ہوگا۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل کی نئی14رکنی گورننگ کونسل قائم کر دی گئی، اس میں8بورڈ کے نمائندے شامل ہیں جبکہ6فرنچائز اونرزکو بھی جگہ دی گئی۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کی 14رکنی نئی گورننگ کونسل کو حتمی شکل دیدی، اس میں چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان، ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید، سینئر جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر، ہیڈ آف پلیئرز ایکویزیشن اینڈ مینجمنٹ پی ایس ایل عمران احمد خان اور سینئر جنرل منیجرکرکٹ آپریشنز پی ایس ایل عثمان واہلہ شامل ہیں۔

فرنچائزاونرز بھی گورننگ کونسل کا حصہ ہیں، اسلام آباد یونائٹیڈ کے علی نقوی ممبراورمتبادل نمائندے شعیب نوید ہونگے، کراچی کنگز کے سلمان اقبال ممبر اور متبادل نمائندے طارق وصی ہیں، لاہور قلندرز کے نمائندے ثمین رانا اور متبادل عاطف رانا ہوں گے، ملتان سلطانز کے نمائندے عالمگیر خان ترین اور متبادل تیمور ملک ہیں، پشاور زلمی کے نمائندے جاوید آفریدی اور متبادل نمائندے نوشیرواں آفندی ہوں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نمائندے ندیم عمر اور متبادل نمائندے نبیل ہاشمی ہیں۔

گورننگ کونسل کا اجلاس پیر کو کراچی کی مقامی ہوٹل میں ہوگا، ابتدا میں دوپہر 2 بجے کا وقت طے کیا گیا تھا مگر پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار سے پیر کو منتقل ہونے کی وجہ سے اب صبح 10بجے آغاز ہوگا، میٹنگ میں فرنچائز اونرز اپنی شکایات سے بورڈ حکام کو آگاہ کرینگے۔

سب سے بڑا مسئلہ تاحال رواں سال منعقدہ لیگ کے سینٹرل پول سے حصہ نہ ملنے کا ہے، اسی طرح بورڈ چاہتا ہے کہ فرنچائزز فوری طور پر بینک گارنٹی جمع کرائیں، کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں