کراچی میں بھتہ نہ دینے پر نجی بینک منیجر کے گھر پر بال بم سے حملہ فائرنگ

بینک مینیجر رفیق کو 2روز سے 15لاکھ روپے بھتہ دینے کیلیے دھمکیاں مل رہی تھیں،پولیس

بم کے دھماکے سے علاقہ مکین خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فوٹو:فائل

PARIS:
تھانہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے فرنٹیئر کالونی کے رہائشی نجی بینک کے منیجر کے گھر کے داخلی دروازے پر نامعلوم ملزمان بال بم پھینک کر فرار ہو گئے ۔

بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث علاقے میں خوف پھیل گیا، بال بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر کالونی نمبر2 غوثیہ چوک کے قریب محمد رفیق کے گھر کے داخلی دروازے پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان بال بم پھینک کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ، بال بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث علاقے میں خوف پھیل گیا ، دھماکے کی آواز سن کر علاقہ مکین اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ، اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ممکنہ دوسرے دھماکے کے پیش نظر وہاں موجود لوگوں کو دور ہٹا دیا ۔




پولیس کے مطابق جس گھر پر بال بم حملہ کیا گیا وہ گھر شیر شاہ میں واقع نجی بینک کی برانچ کے منیجر محمد رفیق نامی شخص کا ہے، جن کے گھر پر نامعلوم ملزمان نے بال بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی ،بال بم پھٹ جانے سے داخلی دروازے اور دیوار کو نقصان پہنچا ،خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا ، محمد رفیق کو دو روز سے نامعلوم بھتہ خوروں کی جانب سے15 لاکھ روپے بھتہ دینے کے لیے دھمکیاں مل رہی تھی، انھوں نے پولیس کو اطلاع نہیں دی جب بال بم سے حملہ ہوا تو انھوں نے بھتے کے حوالے سے پولیس کو بیان دیا ، پولیس کے مطابق بھتہ طلب کرنے والے ملزمان نے کالعدم تنظیم کا نام استعمال کیا ہے ، پولیس نے مزید بتایا کہ محمد رفیق نے کہا ہے کہ وہ مشورے کے بعد مقدمہ درج کرائینگے۔
Load Next Story