ضمنی چارج شیٹ اسد رؤف و بکیز کی بات چیت بھی شامل

12 سے 16مئی تک ریکارڈ شدہ ٹیپس میں وندو نے اسد سے میچز، شرطوں میں فائدے و نقصان اورامپائر کے جشن سالگرہ پر بھی بات کی

ایک ٹیپ میں اداکار وندو نے امپائر کو سم توڑ کر پاکستان چلے جانے کا مشورہ دیا۔ فوٹو: فائل

ممبئی پولیس نے آئی پی ایل فکسنگ کیس کی ضمنی چارج شیٹ میں اسد رؤف کی بکیز کیساتھ مبینہ گفتگو کی تفصیلات بھی شامل کر لیں۔

ریکارڈ شدہ ٹیلی فونک بات چیت میں پاکستانی امپائر، اداکار وندو اور جے پور کے بکیز پاون و سنجے راجستھان رائلز و حیدرآباد سن رائزرز کو اپنی پسندیدہ ٹیمیں قرار دیتے ہیں، پولیس پہلے ہی چارج شیٹ داخل کر چکی تھی لہذا مذکورہ ٹیپس کو بطور اضافی ثبوت ضمنی شیٹ میں شامل کیا گیا،12 سے 16مئی تک ریکارڈ شدہ ٹیپس میں وندو نے اسد سے میچز، شرطوں میں فائدے و نقصان اورامپائر کے جشن سالگرہ پر بھی بات کی،آخر میں انھوں نے اسد کو سم کارڈ توڑ کر بھارت چھوڑنے کا مشورہ دیا۔ مبینہ ٹیپس کے مسودے کی تفصیلات یہ ہیں۔

(پہلا ٹیپ)

اسد: آج میری ہیپی برتھ ڈے ہے، برائے مہربانی کیک کا آرڈر دو۔

وندو: دادا ، سنجو کو فون کر کے کہوکہ تم6لاکھ مالیت کی رسٹ واچ کو پسند کرتے ہو،اس سے وہ بطور تحفہ دینے کاکہو، میں پوون کو کال کرتا ہوں،تم سنجو کو فون کر کے تحفے کی بات کرو، تم بولو کہ ہم دونوں کے تحائف آج ہی لے کر آجائے۔

وندو: دادا، بنگلور اور حیدرآباد کو فائنل میں جانا چاہیے،اگر وہ جیتے تو لوگ برباد مگر ہم جیت جائیں گے۔

اسد: راجستھان اور چنئی کا میچ کہاں ہوا۔

وندو: راجستھان میں مگر ابھی فیصلہ نہیں ہو سکا، آرڈر آنا باقی ہے، اوپر سے کوئی حکم آیا تو ہم کون ہیں؟ چھوٹی مچھلیاں۔

(دوسرا ٹیپ)

پریم تنیجا بکی: دادا آپ کہاں ہیں؟

اسد: میں لنکنگ روڈ پر شاپنگ کر رہا ہوں، ریٹ کیا ہے؟

پریم:53پیسہ راجستھان رائلز،3اوورز میں10رنز اور میں چنئی کو پسند کرتا ہوں۔

اسد: میری آدھی پیٹی کھا لو تم (میں50ہزار کی شرط لگاتا ہوں)۔


پریم: او کے۔



(تیسرا ٹیپ)

وندو: کیا تم نے اپنی سونے کی چین دیکھی؟ وہ بہت موٹی ہے، اگر تم نے دیکھا تو خوش ہو گے، لیکن اگر پاکستان لے کر گئے تو مسئلہ ہو جائے گا۔

اسد: کیوں؟

وندو: دو بار سوچو، اگر تم نے چین پہنی تو ایئرپورٹ پر اسکین ہو جائو گے، لہذا برائے مہربانی اسے ٹی شرٹ کے اندر چھپانا، ان سے کہو کہ تمہیں اس کی رسید دیں جس سے ظاہر ہو کہ بھاری رعایت دی گئی ہے۔

اسد: اوکے

(چوتھا ٹیپ)

اسد: کیا ہوا؟

وندو: ابے تم ٹی وی پر خبریں نہیں دیکھ رہے؟

اسد: کیا؟

وندو: پلیئرز پکڑے گئے، اپنے تمام موبائل فونز بند کر کے سم کارڈز توڑ دو۔

اسد: اوکے۔

وندو: راجستھان کے تین کرکٹرز گرفتار ہو گئے، یہ اطلاعات ہیں کہ مزید40لوگ پکڑے جائیں گے، تم فلائٹ پکڑ کر پاکستان چلے جائو، ڈارلنگ، آئی لوو یو۔
Load Next Story