نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں پرمتحدہ کے تحفظات دورکیے جائیں

تمام سیاسی قوتوں کا اجلاس بلاکر مشاورت سے پالیسی تشکیل دی جائے، ظفر کمالی


Press Release October 05, 2013
حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے،رکن سندھ اسمبلی ایم کیوایم. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں پر متحدہ کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو تمام آئینی، قانونی اور جمہوری راستے اختیار کریں گے۔

حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر احمد کمالی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صوبے میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں موجود تمام سیاسی قوتوں کا اجلاس طلب کرکے مشاورت کے بعد پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ شفاف طریقے سے نئی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوسکے۔ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تقسیم کرنیکی کوششیں کی جارہی ہیں، دیگر تمام سیاسی قوتوں کو نظر انداز کر کے نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کو ناانصافی اور ظلم سے تعبیر کیا جائے گا۔



 

انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت ہوش کے ناخن لے، اب زمینی حقائق تبدیل ہوچکے ہیں اور سندھ کی آبادی کا تناسب مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ سندھ کی شہری آبادی اب دیہی سے واضح طور پر بڑھ چکی ہے۔

ظفر کمالی نے کہا کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود عام انتخابات میں ایم کیو ایم کی فقیدالمثال کامیابی سے خوفزدہ ہوکر حکمراں جماعت بلدیاتی انتخابات سے قبل متحدہ کا مینڈیٹ تقسیم کرنا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ اسمبلی میں موجود کسی بھی پارلیمانی جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ماضی میں دھاندلی کے ذریعے سندھ کے شہری عوام کو ان کے جائز حقوق اور حق حکمرانی سے محروم رکھا گیا لیکن شہری عوام ان تمام ہتھکنڈوں اور سازشوں سے واقف ہیں۔حق پرست عوام ایسے کسی بھی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ عوامی امنگوں اور مفاد کیخلاف اگر کوئی فیصلہ مسلط کرنیکی کوشش کی گئی تو آئینی اور جمہوری راستے اختیار کیے جائینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں