راشد لطیف نے 20 بھارتی بکیز کی فہرست جاری کردی

انو بھٹ آئی سی سی کا مخبر ہو سکتا ہے اسی لیے تاحال گرفتار نہیں ہوا، سابق کرکٹر


Sports Reporter October 05, 2013
کونسل کا اینٹی کرپشن یونٹ ذمہ داری نبھانے میں ناکام اور ابتری کا شکار ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 20 بھارتی بکیز کے نام جاری کر دیے۔

انھوں نے کہاکہ اے سی ایس یو اپنے مقاصد کے حصول میں بُری طرح ناکام ہوچکا، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ دنیا بھر کے پہلے 20 بکیز میں سے بیشتر کا تعلق بھارت سے ہے مگر آئی سی سی کا یونٹ کھلاڑیوں کو لیکچرز میں محض انو بھٹ کی تصویر دکھا رہا ہے،90 کی دہائی کے وسط میں میچ فکسنگ کا پنڈورا باکس کھولنے والے راشد لطیف کا دعویٰ ہے کہ کرکٹ میں بکیز کا کردار ادا کرنے والے20 بھارتیوں میں دنیش، سوبان، ونود، منوج، جیتو، پنکی، جیتوٹو، نوین سچدیوا ٹنکو، منوج دبئی، بھارت کلب، اشوک، رمیش، روی کمار، جینتی، ماما، راکیش، کوٹھاری، مکیش، مکیش گپتا اور اشوک کلکتہ شامل ہیں،اس فہرست میں شامل دو بکیز پنکی اور جیتو قتل کیے جاچکے جبکہ سچدیوا ٹنکو کو سی بی آئی نے گرفتار کر لیا۔



راشد لطیف نے کہاکہ ای سی بی کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے محض ایک بھارتی بکی انو بھٹ کا نام لیاگیا جس کے بعد پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی کا فیصلہ سنایا گیا، جیساکہ ای سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے انو بھٹ کو خطرناک بیان کیاگیا تو پھر اسے ابھی تک حراست میں کیوں نہیں لیا گیا؟ شائد اس لیے کہ ممکن ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا مخبر ہو، مگر میں اس بارے میں پُر یقین نہیں ہوں، حال ہی میں بھارت میںمتعدد بکیز کو پکڑنے والی سی بی آئی نے اپنی رپورٹ میںانو بھٹ کا ذکر تک نہیں کیا،سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کپتان نے کہا کہ 2000کے اوائل میں قائم کیا جانے والا آئی سی سی کا اینٹی کرپشن اینڈ سیکیوریٹی یونٹ اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام نظر آتا اور ابتری و بدنظمی کاشکار ہے،یہ صرف لیکچرز دینے ،ویڈیوز دکھانے اورکھلاڑیوں کی سختی کے ساتھ نگرانی تک ہی محدود ہے جس سے مقاصد پورے نہیں ہوتے، میرے لحاظ سے یہ یونٹ ابتر حال میں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں