بیک وقت 2 کزنوں سے شادی ناکام ہونے کی پیش گوئیاں غلط ثابت

دبئی میں 2 حکمت خانے چلا رہا ہوں، سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق نے شادی ایک برس بھی نہ چلنے کا چیلنج کیا تھا، اظہر حیدری


عمرانہ کومل October 05, 2013
اظہر حیدری کی ولیمہ کے موقع پر اپنی دلہنوں رومانہ اور حمیرا کے ساتھ تصویر۔ فوٹو: فائل

بیک وقت 2 کزنوں سے شادی کرکے اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ میں درج کرانے کے خواہش مند ملتان کے نوجوان کی قسمت اس کی دونوں بیویوں کے ''بھاگ'' نے جگادی ہے۔

شادیوں کی ناکامی کی پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں، دونوں بیویاں ایک ہی چھت کے نیچے خوش و خرم زندگی بسر کررہی ہیں۔ تفصیل کے مطابق ملتان میں 9 بہنوں کا اکلوتا بھائی اظہر حیدری والدین و خاندان والوں کا کہنا مانتے ہوئے 19 اکتوبر 2010ء کو اپنی پھوپھی زاد حمیرا جبکہ اگلے روز اپنی چچا زاد رومانہ کو حیدر آباد سے بیاہ کر لایا اظہر حیدری کا کہنا ہے کہ اس کی دونوں شریک سفر بیویوں کی خوش قسمتی نے اس کے گھر بھر کے بھاگ جگا دیئے ہیں جہاں وہ عالمی سطح پر شہرت کی بلندی پر پہنچا دیں اب دبئی میں اس کے دوحکمت خانے ''ڈیرہ دبئی'' اور ''بر دبئی'' چل رہے ہیں اس کے علاوہ وہ اپنی تین بہنوں کے ہاتھ پیلے کرنے کا فریضہ بھی انجام دے چکا ہے۔

اب وہ دونوں بیویوں سے ایک ایک بچے اڑھائی سالہ بیٹے حجت عباس اور 6 ماہ کی بیٹی مناحل کا باپ بھی بن چکا ہے' ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اظہر حیدری نے بتایا کہ اس کی دونوں بیویاں شادی سے قبل بھی حیدر آباد میں مشترکہ خاندانی نظام کے تحت ایک ہی آنگن میں رہتی تھیں اور اب یہاں بھی سہلیوں کی طرح رہتی ہیں کبھی ان میں لڑائی جھگڑا تو درکنار تو تکار بھی نہیں ہوئی اس نے بتایا کہ وہ قبل ازیں اپنی بڑی بیوی حمیرا کو دبئی لے کر گیا اور اب چھوٹی بیوی کے ہمراہ دبئی جارہا ہے۔ اظہر حیدری نے بتایا کہ وہ جب بھی اپنی بیویوں کے ہمراہ کہیں جاتا ہے تو اس کی شادی کی دنیا بھر میں شہرت کے بدولت بہت سے خاندان انہیں نہ صرف پہچانتے ہیں بلکہ اپنے گھر دعوت پر بھی مدعو کرتے ہیں ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر حیدری نے دعویٰ کیا کہ اس کی شادی کی وجہ سے اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں تو آیا ہی ہے اس کے ساتھ ملتان کی ثقافتی سطح پر بنائے گئے میوزیم میں بھی ''پیار کی اکلوتی داستان'' کے عنوان سے اس کی تصویر لگائی گئی ہے جس پر اسے خوشی ہے اظہر حیدری نے بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے اس کے فیملی انٹرویوز کئے لیکن دبئی کے (العربیہ ٹی وی) چینل پر انٹرویو کے دوران جب اس نے بتایا کہ وہ پیشہ کے لحاظ سے طبیب بھی ہے تو ٹی وی کی ٹیم کے کچھ افراد نے اپنے جاننے والے چند ایک مریض اسے دکھائے جس پر اس نے نباتاتی طریقے سے انہیں ادویات بنا کر دیں اس کے وطن آنے کے کچھ عرصہ بعد مذکورہ افراد نے اسے فون کرکے بتایا کہ وہ صحت یاب ہوگئے ہیں۔



انہوں نے کہا کہ دبئی میں اپنے حکمت خانے قائم کرو اس کے بعد اس کے لئے خوشحال و کامیابی کے دروازے کھلتے چلے گئے اب وہ اپنے والد اور کزن کے ہمراہ دبئی میں دونوں حکمت خانے چلاتا ہے۔ اظہر حیدری کی دونوں بیویوں رومانہ اور حمیرا نے کہا کہ ان کا خاندان اس دنیا میں جنت کی نظیر سے کم نہیں جہاں خوشیاں' اتفاق اور مسکراہٹیں ہیں وہ نہ صرف آپس میں سہلیوں کی طرح رہتی ہیں بلکہ ان کی ساس اور نو نندوں سے بھی کبھی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی خاندان یا کسی بھی تقریب میں جاتی ہیں تو ان کا استقبال وی آئی پی مہمان اور نئی نویلی دلہنوں کی طرح ہی ہوتا ہے۔ اظہر حیدری نے بتایا کہ وہ ملتان کی ایک کرکٹ ٹیم کا کپتان رہا ہے اور کرکٹ میں نام پیدا کرنا اس کی خواہش تھی تاہم والد کی خواہش پر شعبہ ''طب'' میں قدم رکھا اسی بات پر ایمان ہے کہ ''باادب بانصیب' بے ادب بے نصیب'' اظہر حیدری نے بتایا ہے کہ وہ عنقریب اپنی بڑی بیوی حمیرا کی خواہش پر اسے ملتان میں ایک کلینک بنا کر دے گا۔

اس نے بتایا کہ اس کی بڑی بیوی حمیرا طبیبہ ہے جو حیدر آباد میں اپنے حکمت خانہ چلاتی رہی ہے اور اب اس کی خواہش ہے کہ وہ ملتان میں باقاعدہ کلینحکمت خانہ چلائے۔ اظہر حیدری نے بتایا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سال کے اندر اندر تم کسی ایک بیوی کو ''طلاق'' دے دو گے ایک چھت کے نیچے کبھی سوکنیں نہیں رہ سکتیں لیکن شادی کی تیسری سالگرہ منانے جارہے ہیں اس گھر کو کسی کی نظر نہیں لگی جس پر اپنے رب کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اظہر حیدری نے بتایا کہ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں جب جاوید چوہدری ان کا فیملی انٹرویو کررہے تھے تو سابق وفاقی وزیر نے پروگرام ہی میں انہیں چیلنج کیا تھا لیکن اللہ کے حکم سے انہوں نے اپنی دونوں بیویوں میں کبھی امتیازی فرق نہیں رکھا حقوق پورے کئے اور اپنے خاندان کو مستحکم رکھنے میں کامیاب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں