امریکی صحافی سیمور ہرش نے ایبٹ آباد آپریشن کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ایبٹ آباد کمیشن کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ میں بھی زیادہ تر امریکا سے ملنے والی معلومات شامل تھیں۔
مشہور برطانوی اخبار ''دی گارڈین'' کو انٹرویو کے دوران مشہور امریکی صحافی سیمو ہرش نے امریکی حکومت اور میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن سے متعلق دی گئی تمام معلومات بہت بڑا جھوٹ ہے اور امریکی حکومت اس حوالے سے تفصیلات چھپا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے حوالے سے پاکستان میں جو رپورٹ تیار کی گئی اس میں بھی زیادہ تر امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات شامل ہے۔
سیمور ہرش نے کہا کہ امریکی میڈیا صدر باراک اوباما کے خلاف بات کرنے سے ڈرتا ہے اور اسی لئے میڈیا نے آپریشن کے حوالے سے زیادہ تحقیقات نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی میڈیا حکومت کی رپورٹوں پر بھروسہ کرتا ہے جبکہ حکومتی عہدیدار صدر کو دوبارہ منتخب کرانے کے لئے معلومات روک سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیمور ہرش ''پولیٹزر پرائز'' بھی جیت چکے ہیں اور صحافت سے متعلق ان کی ایک کتاب بھی جلد شائع ہونے والی ہے جس کے ایک باب میں ایبٹ آباد آپریشن اور اس حوالے سے میڈیا کے کردار پر بحث کی گئی ہے۔