کرنسی کے کاروبار کے نام پر 20 کروڑ لوٹنے والا 8 رکنی گروہ گرفتار

گروہ کے کارندے مارکیٹ سے کم ریٹ پرامریکی ڈالردینے کاجھانسہ دیکرشہریوںکو رینجرزاورپولیس کی جعلی وردیاں پہن کرلوٹتے تھے

ملزمان سے اسلحہ،گاڑی،جعلی سرکاری نمبرپلیٹ،رینجرزاورپولیس کی وردیاں برآمد،تمام ملزم پولیس کے حوالے کردیے،رینجرز ترجمان فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے ملیر سے کرنسی کا جعلی کاروبار کرنے والے گروہ کے8 کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ، گاڑی، گاڑی کی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ، رینجرز اور پولیس کی وردیاں برآمد کرلی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا تعلق منظم مافیا سے ہے جو اب تک 20 کروڑ سے زیادہ کی رقم 8 مختلف وارداتوں میں لوٹ چکے ہیں،گروہ کے کارندے شہریوں کو پاکستانی کرنسی کے بدلے مارکیٹ سے کم ریٹ پر امریکی ڈالر دینے کا جھانسہ دیتے تھے اور جال میں پھنسنے والے شہریوں کو جعلی رینجرز اور پولیس اہلکار بن کر اسلحہ کے زور رپر لوٹ لیتے تھے۔


گرفتار ملزمان میں نور محمد عرف نور عرف حاجی ولد دودو، مول چند پٹواری ولد سکریو مل، حسین بخش لاہوتی ولد ہوت خان،محمد اختر عرف چوہدری ولد غلام سرور،اللہ داد ولد شیر محمد،محمد حنیف عرف شیخ ولد محمد مستان، عامر علی کھٹیان ولد اللہ بخش اور مٹھو خان میر جت ولد حاجی خان میر جت شامل ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا کہ ان کا تعلق منظم مافیا سے ہے جو کہ اب تک 20 کروڑ سے زیادہ کی رقم 8 مختلف وارداتوں میں لوٹ چکے ہیں۔ تمام گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کیلیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 اور رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
Load Next Story