شائقین کرکٹ کے 10 سالہ انتظار کا اختتام

میچ میں تعداد زیادہ نہ ہونے کے باوجودزبردست جوش وخروش کا مظاہرہ


سخت گرمی سے بعض افرادکی طبیعت خراب، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی کے شائقین کرکٹ کا10 سالہ انتظار ختم ہوگیا، سری لنکا سے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں گوکہ تعداد زیادہ نہ تھی البتہ زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ سامنے آیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہی کھیلا گیا تھا، اب 27 ستمبر کو سیریز کا پہلا میچ طے تھا جو بارش کے سبب نہ ہو سکا، دوسرا ون ڈے بھی 29 سے 30 تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا،شائقین کا انتظار گذشتہ روز ختم ہوا، گوکہ شائقین کی بہت بڑی تعداد نے ٹکٹس نہیں خریدے، البتہ پی سی بی کی جانب سے 10 ہزار مفت ٹکٹس تقسیم کرنے کا فائدہ ہوا۔

دوسرے ون ڈے کے موقع پر 32 ہزار سے زائد نشستوں والے نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد 10 سے 12 ہزار کے درمیان رہی، البتہ ان افراد نے بھی زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا، 27 اور 29ستمبر کے ٹکٹ رکھنے والوں نے بھی رقم واپس لینے کے بجائے میچ دیکھنے کو ترجیح دی۔

آغاز سے کافی دیر قبل ہی شائقین اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہو گئے تھے، ان کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سے شٹل سروس چلائی گئی، البتہ سخت گرمی نے سب کو بیحد پریشان کیا،متعدد تماشائی ڈی ہائیڈریشن کے ساتھ ہائیپرٹینشن کا شکار ہوکر عارضی اسپتال جا پہنچے، ایک مریض کو اختلاجی کیفیت کے بعد امراض قلب کے اسپتال سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی۔

میچ سے قبل دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو، صدر بورڈ شامی سلوا، سیکریٹری موہن ڈی سلوا، میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائرز اس موقع پر گراؤنڈ میں موجود تھے۔

تماشائیوں نے بھی نشستوں سے اٹھ کر باادب انداز میں ترانے سنے اور اختتام پرتالیاں بجاکر کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ میچ کیلیے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے اور تماشائیوں کی کئی جگہ تلاشی لی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں