اراضی کیس میں آرڈی اے حکام ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف انکوائری شروع

ٹاپ سٹی انتظامیہ پر اراضی ٹرانسفر معاہدے میں خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام


Saleh Mughal October 01, 2019
ٹاپ سٹی انتظامیہ پر اراضی ٹرانسفر معاہدے میں خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام فوٹو : فائل

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور ٹاپ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کی مبینہ ملی بھگت سے مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اراضی ٹرانسفر کا معاہدہ کرکے بھاری مالیت کی سرکاری اراضی سوسائٹی کو دینے اور مبینہ طور کم قیمت اراضی آر ڈی اے کے حوالے کر کے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر آر ڈی اے حکام اور ٹاپ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ذمے داران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی عارف رحیم نے سرکل آفیسر راولپنڈی زاہد محمود کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اینٹی کرپشن راولپنڈی نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر چھان بین شروع کررکھی ہے۔ اس دوران سورس رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ نیواسلام آباد ائیرپورٹ کے قریب کشمیر ہائی وے و گردونواح میں راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور ٹاپ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ میں اراضی کا لین دین ہوا۔

ایک طرف تو انتہائی مہنگی سرکاری اراضی مذکورہ سوسائٹی کو دے دی گئی ،دوسرا جو زمین ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے آر ڈی اے کو دی گئی اس کی قیمت مارکیٹ میں انتہائی کم تھی۔ بے ضابطگیاں سامنے آنے پر ابتدائی چھان بین کی گئی تو ٹرانسفر کے معاہدے میں بڑے پیمانے پر مزید بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق آر ڈی نے 703 کنال انتہائی قیمتی اراضی ہاؤسنگ سوسائٹی کو دیکر 289 کنال زمین لی، زمین کی ٹرانسفر کے معاہدے کی اجازت ڈائریکٹر جنرل یا ڈی سی راولپنڈی سے نہیں لی گئی بلکہ ایک سترہ گریڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے اس پر دستخط کررکھے تھے۔

ادھر محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی جانب سے جاری ہینڈ آؤٹ میں بھی بتایاگیا ہے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس کی ہدایت پرپنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اس سلسلے میں تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقے میں موجود تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز اور دیگر سرکاری رقبے کا ڈیٹا مرتب کریں تاکہ سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کی نشاندہی کی جاسکے۔ ابتدائی انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ آرڈی اے اور ٹاپ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے درمیان ہونے والے مبینہ معاہدے میں بڑے پیمانے پر گھپلے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نے اس حوالے سے ٹاپ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کنور معیض احمد خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انکا فون اٹینڈ نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں