چوہدری نثار کا خلاف ضابطہ جاری کئے گئے ہزاروں پاسپورٹس منسوخ کرنے کا حکم

غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے،وزیرداخلہ کی ہدایت

اسلام آبادمیں تعینات بدعنوان ریونیوافسران کوفوری ہٹایاجائے،چویدری نثار۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خلاف ضابطہ جاری کئے گئے 2 ہزار سے زائد پاسپورٹس کی فوری منسوخی کا حکم دے دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے دفتر میں چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس سمیت تمام ماتحت اداروں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں جرائم پیشہ عناصر کےخلاف کارروائی کو تیز اور مؤثر بناتے ہوئے وفاقی پولیس اور ایف آئی اے اپنے اندر موجود کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرے اور وفاقی دارالحکومت میں تعینات بدعنوان ریونیو افسران کو فوری ہٹایاجائے۔


وزیر داخلہ نے ہدایت کہ اسلام آباد شہر اور اس کے نواح میں واقع کچی آبایوں کی رجسٹریشن کی جائے، اس کے ساتھ ہی پولیس انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں اس بات کو یقینی بنائے کہ ان علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کسی صورت نہ پنپ پائیں۔

ڈی جی امیگریشن اور پاسپورٹس نے انسانی اسمگلنگ اور دیگر امور پر بریفنگ دی جس پر وزیر داخلہ نے انہیں خلاف ضابطہ جاری کئے گئے 2ہزار سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرتے ہوئے صرف مجاز افراد کے لئے سفارتی پاسپورٹ کا اجرا کرنے کی ہدایت کہ ، اس موقع پر انہوں نے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو قانون کے شکنجے میں لینے کی ہدایت کی ۔
Load Next Story