میری ٹائم سیکیورٹی نے 12 روز سے سمندر میں پھنسے 9 ایرانی ماہی گیروں کو بچالیا

ایرانی کشتی واحدی گوادر سے 240 ناٹیکل مائل کی دوری پر گہرے سمندر میں انجن میں فنی خرابی کے سبب پھنسی ہوئی تھی


Staff Reporter October 01, 2019
ایرانی کشتی گہرے سمندر میں انجن میں فنی خرابی کے سبب پھنسی ہوئی تھی .فوٹو : ایکسپریس

میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن کے دوران 12روز سے نامساعد حالات میں پھنسی ایرانی لانچ اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

ترجمان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مطابق ایم آرسی سی ممبئی کی جانب سے پی ایم ایس اے کو سمندر میں پھنسی ایرانی کشتی کو بچانے کےلیے ای میل موصول ہوئی جس کے تناظرمیں میری ٹائم سکیورٹی کے بحری جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر کو آپریشن کی ذمہ داری سونپی گئی۔

ایرانی کشتی واحدی گوادر سے 240 ناٹیکل مائل کی دوری پر گہرے سمندر میں انجن میں فنی خرابی کے سبب پھنسی ہوئی تھی، میری ٹائم کی جانب سے خصوصی آپریشن کے دوران ایرانی لانچ اور اس پر سوار 9 ماہی گیروں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔



ترجمان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق پی ایم ایس اے نے اپنے محدود وسائل کے باوجود ہمیشہ کی طرح امدادی کاموں اورفرائض نبھانے کی کوششوں کو جاری رکھا، ایرانی کشتی اور ماہی گیرلانچ کے مالک اسحاق سمی حوالے کردی گئی اور انہیں واپسی کے سفرکے لیے خوراک اورپانی بھی مہیا کیا گیا۔

ترجمان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق ایرانی کشتی اورعملہ حوالگی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر گوادرمیربازخان بھی موجود تھے، ایرانی لانچ کے مالک اور ماہی گیروں نے میری ٹائم سیکیورٹی کی کاوشوں کو سراہا اور اسے دونوں ممالک کے مابین دیرپا اور برادرانہ تعلقات کی اعلیٰ مثال قراردیا۔



ترجمان کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمندر میں پھنسے ہوئے بحری جہازوں کی تلاش اور بچاؤ کی بین الاقوامی ذمہ داری کے تحت میری ٹائم ریسکیوکوآرڈینیشن سینٹر 24گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی ذمہ داری ساحل سےشروع ہوکر 840 ناٹیکل مائل تک گہرے سمندروں تک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں