ٹی 20 سیریز لاہور میں بھی کڑا سیکیورٹی حصار قائم

نشتر اسپورٹس کمپلیکس کا علاقہ آج سے عوامی سرگرمیوں کے لیے مکمل بند


ڈینگی سے بچاؤکیلیے اسپرے،پچزکی تیاری کا کام آخری مراحل میں داخل ۔ فوٹو: فائل

لاہور میں پاک سری لنکا ٹوئنٹی 20سیریز کیلیے کڑا سیکیورٹی حصار قائم کر دیا گیا اور نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو بدھ سے عوامی سرگرمیوں کیلیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔

کراچی کے بعد لاہور میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کا میدان سجنے کو ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان5 اکتوبر سے شروع ہونے والی 3 ٹوئنٹی 20میچز پر مشتمل سیریز کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو بدھ سے عوام کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز بھی اسی روز ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم کے تین اطراف میں دکانیں، شادی ہالزاور ریسٹورنٹس موجود ہیں، ان سب کو بھی10 اکتوبر تک مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد کی شاہراہوں کی صفائی ستھرائی کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔ سیریز کے دوران کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو ڈینگی سے بچانے کے لیے اسپرے بھی کیا ہوچکا۔

ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مجموعی طور پر 12ہزار پولیس اہلکاروں کی خدمات لی جائیں گی، پاک آرمی اور رینجرز کے چاک وچوبند دستے الگ ہوں گے۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں موجود سیکیورٹی اینڈ ویجلینس سیل کے اہلکار درجنوں خفیہ کیمروں کی مدد سے ہر آنے جانے پر کڑی نظر رکھیں گے۔

قذافی اسٹیڈیم میں پچزکی تیاری کا کام بھی آخری مراحل میں ہے،مقابلوں کے دوران شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلیے پی سی بی کی طرف سے سپورٹنگ پچز تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس اسٹیڈیم میں رنگ وروغن کا کام مکمل ہو چکا جبکہ خفیہ کیمروں کو بھی چیک کر لیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں