ایشیا کپ بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان آنا چاہیے سری لنکن وزیر کھیل

پاکستانی منسٹر کے بیان کی تردید کرنے کا انڈین ہائی کمشنر نے کہا تھا، ہیرن فرنانڈو

پاکستانی منسٹر کے بیان کی تردید کرنے کا انڈین ہائی کمشنر نے کہا تھا، ہیرن فرنانڈو۔ فوٹو: فائل

سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کیلیے اگر ہماری اور بنگلادیشی ٹیم پاکستان آ سکتی ہے تو بھارت کو بھی آنا چاہیے۔

ایک انٹرویو میں ہیرن فرنانڈونے کہا کہ ایشیا کپ کیلیے سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہوں گی ایسے میں بھارت کو بھی آنا چاہیے، البتہ یہ فیصلہ بی سی سی آئی کا ہی ہوگا میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرے ون ڈے کے دوران سری لنکن بورڈ حکام نے بھی آئندہ برس ایشیا کپ کے انعقاد میں پاکستان کو مکمل سپورٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔


ایک سوال پر ہیرن فرنانڈو نے کہا کہ دورے سے سری لنکن کرکٹرزکی ہچکچاہٹ پر ایک پاکستانی وزیر نے بیان دیا کہ ایسا آئی پی ایل معاہدوں کی وجہ سے ہو رہا ہے، درحقیقت بھارتی لیگ میں لسیتھ مالنگا کے سوا تو ہمارا کوئی کھلاڑی شریک ہی نہیں ہوتا، اس بیان سے بڑا تنازع کھڑا ہوگیا تھا، بھارتی ہائی کمشنر نے مجھ سے کہا کہ اس کی تردید کریں جو میں نے کردی، معاملہ کہیں سے کہیں جا رہا تھا اور سری لنکا درمیان میں سینڈوچ بن گیا، خیر خوش قسمتی سے مسئلہ حل ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بھی ہمارے لیے بڑے بھائی کی طرح ہے اور ہم اس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان نے بھی ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے، میں بھول نہیں سکتا کہ ہماری ٹیم نے لاہور میں ہی ورلڈکپ جیتا تھا۔

واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹرز کو دورئہ پاکستان سے روکنے میں بھارتی ہاتھ کا بیان وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دیا تھا۔

ہیرن فرنانڈو نے ایک بار پھر کہا کہ ہمارے3،4سینئر کرکٹرز ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان نہیں آنا چاہتے، ہم انھیں قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں امید ہے کہ کامیاب رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اسکواڈ کو یہاں لے کر آئے ہیں، ابتدا میں صرف 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی بات ہو رہی تھی لیکن ہم نے اس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی شامل کر لیے۔
Load Next Story