کراچی میں فائرنگ و تشدد متحدہ کے کارکن سمیت9افراد ہلاک

ناظم آباد7نمبرپل کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ،واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کانتیجہ معلوم ہوتاہے،پولیس


Staff Reporter October 06, 2013
اورنگی میں متحدہ کے کارکن سمیت3افرادٹارگٹ کلر زکا نشانہ بنے ،زخمی اہلکاراسپتال میں چل بسا ،لیاری میں 2 قتل فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ اورتشدد کے واقعات کے دوران متحدہ کے کارکن سمیت6افرادہلاک ہوگئے۔

جبکہ زخمی پولیس اہلکاراسپتال میں چل بسا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے داتانگرمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے42سالہ وزیرہلاک ہوگیا،مقتول متحدہ قومی موومنٹ یونٹ130کا کارکن تھااوراسی علاقے کارہائشی تھا،فائرنگ کے بعدعلاقے میں صورتحال کشیدہ ہو گئی۔اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ ڈبہ موڑ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ عامرہلاک ہوگیا ،مقتول کی کاسمیٹکس کی دکان تھی۔اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14-C میں قبرستان سے30سالہ شخص کی لاش ملی جسے گلے میں پھندالگاکر قتل کیاگیا۔

مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ عبداﷲ گوٹھ اورچوکنڈی قبرستان کے درمیان جھاڑیوں سے بوری بندگردن کٹی6سے7روز پرانی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔اسٹیل ٹاؤن سیکٹر 14-L فیز2کی مارکیٹ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والاسب انسپکٹر 50 سالہ نظام الدین دوران علاج دم توڑگیا،مقتول پولیس افسر پپری کے علاقے رفیق گوٹھ کارہائشی اور4 بچوں کاباپ تھا۔ناظم آباد7نمبرپل کے قریب نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل سواروں پرفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد 40 سالہ شبیر حسین اور42 سالہ شاہد رضا جاں بحق ہوگئے ۔ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کانتیجہ معلوم ہوتاہے۔



کورنگی چکراگوٹھ کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زبیدہ بی بی زخمی ہوگئی جبکہ بغدادی تھانے کی حدود موسیٰ لین میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جہانزیب زخمی ہوگیا۔ مدینہ بس اسٹاپ کے قریب موٹرسائیکل چھینے کی واردات کے دوران مزاحمت پرلانڈھی کا رہائشی زکی اور2 راہ گیر رزاق اور فرقان زخمی ہوگئے۔ایم اے جناح روڈجدہ آئسکریم کے قریب موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پرفائرنگ سے 25 سالہ شکیل احمد زخمی ہو گیا۔

کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدودمیں ویٹا چورنگی کے قریب فائرنگ سے32 سالہ محمد اسلم زخمی ہو گیا۔کھارادر جماعت خانے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔گلشن اقبال13-Dممتاز منزل کے قریب ریسٹورینٹ میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے3 افراد 25 سالہ حماد ، 25 سالہ حمزا اور22 نویدزخمی ہوگئے۔ رات گئے لیاری کے علاقے دریا آباد سے 2 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے جبکہ ان کی شناخت شہزاد عرف شی اور شاکر کے نام سے ہوئی۔ مقتول شاکر بابا لاڈلہ کا قریبی رشتے دار بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے لیاری کے علاقے سے شیر محمد عرف شیرا کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |