مخصوص افراد کو مارا جا رہا ہے وکلا اور جج بھی محفوظ نہیں چیف جسٹس

قانون کی بالادستی کے ذریعے ہی سب کو تحفظ مل سکتا ہے،موجودہ اسمبلیاں اور جمہوریت بھی اسی کی مرہون منت ہے

قانون کی بالادستی کے ذریعے ہی سب کو تحفظ مل سکتا ہے،موجودہ اسمبلیاں اور جمہوریت بھی اسی کی مرہون منت ہے،غلطیاں دہرائیں تو نقصان ہوگا فوٹو: آن لائن

KARACHI:
چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری نے ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی خراب صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے جہاں مخصوص افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے، وکلاء اور ججز بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قانون نافذکرنے والے ادارے اپنے فرائض مناسب طریقے سے انجام نہیں دے رہے۔ وہ جمعرات کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ بار کونسل، حیدرآباد بار، نواب شاہ، ملیر،کوٹری اور سانگھڑ بار ایسوسی ایشنز کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔


فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام محبت کا درس دیتا ہے اور قرآن کے مطابق ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انھوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کے ذریعے ہی سب کو تحفظ حاصل ہوسکتا ہے اور قانون کی بالادستی میں ہی سب کی بقاء ہے، موجودہ اسمبلیاں اور جمہوریت بھی اسی کی مرہون منت ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرانی غلطیاں دہرائی گئیں تو سب کانقصان ہوگا،اس لیے توقع کی جاتی ہے کہ ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی جس سے نظام مستحکم ہوگا۔ انھوں نے عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کیلیے وکلاء کی جدو جہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی بحالی میں سول سوسائٹی کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ یہ اصولوں کی جدوجہد تھی۔ انھوں نے کہا کہ بدامنی سے وکلاء اور ججز بھی متاثر ہیں، مخصوص افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے صوبے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرحوم وکلاء علی محمد ڈاہری ،مظہرآرائیں اور دیگر کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی اور ان کیلیے دعائے مغفرت بھی کی۔ وکلاء نے قانون کی بالادستی کیلیے چیف جسٹس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدلیہ پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔وکلاء نے یقین دلایا کہ قانون کی بالادستی اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی تیز فراہمی کیلیے وکلاء کا تعاون جاری رہے گا۔ انھوں نے چیف جسٹس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں بہت مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ انھوں نے امن و امان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ادارے عوام کے تحفظ میں ناکام ہوگئے ہیں۔
Load Next Story