شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہوگیا، جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب رات دو بجے کے لگ بھگ کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے لگیں جس کے بعد ملیر، شاہ فیصل، کورنگی، صدر، برنس روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، ڈیفنس، شارع فیصل اور دیگر علاقوں میں بارش شروع ہوگئی۔
بارش ہوتے ہی بجلی فیل ہونے کی روایت برقرار
بادل کے گرجتے ہی کے الیکٹرک نے اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں بجلی بند کردی، اولڈ سٹی ایریاز، لیاری، لیاقت آباد سمیت کورنگی میں بجلی غائب ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ (ویسٹرن ڈسٹربنس) مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے جمعے کو شہر میں بارشیں ہونے کا امکان ہے اور اس دوران تیز ہوا بھی چل سکتی ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جمعے کی سہ پہر یا شام سے شہر میں بارش کی توقع ہے، مغربی سلسلے کی وجہ سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ اتوار کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے اور شہر میں اگر یہ سلسلہ درمیانی بارشوں کا سبب بنا تو اس کے ذریعے 22 ملی میٹر کی بارشوں کی توقع ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا ہے جس کی وجہ سے بدھ کی رات بلوچستان میں بارشیں ہوئیں۔
ماہرین کے مطابق عموماً کراچی میں اکتوبر میں بارشیں نہیں ہوتیں، یہ مئی کے بعد سال کا دوسرا گرم مہینہ ہوتا ہے، اور عموما اس مہینے میں سمندر میں کسی غیر معمولی سرگرمی اور ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔