مہنگی بجلی سے 75 فیصد گھریلو صارفین متاثر نہیں ہوں گے عمر ایوب

سابق دور کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، گردشی قرضہ 38 سے 12 ارب ماہانہ پر لے آئے


Numaindgan Express October 04, 2019
پاکستان میں پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، چینی، فرانسیسی سفیروں سے گفتگو فوٹو: فائل

وفاقی وزیربرائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ سابق دور میں مہنگے بجلی گھر لگانے کا خمیازہ ابھی تک بھگت رہے ہیں، 300 یونٹ کے صارفین کو مہنگائی سے ڈھال دی ہوئی ہے جب کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ 75 فیصد صارفین پر نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمرایوب نے کہاکہ سابق دورمیں مہنگے بجلی گھر لگانے کا خمیازہ ابھی تک بھگت رہے ہیں، ن لیگ حکومت نے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا، گردشی قرضہ ن لیگ کے دور حکومت میں ماہانہ 38 ارب روپے بڑھتا تھا جس کوہم 12ارب روپے ماہانہ پرلے آئے ہیں، کیپسٹی چارجزکا ملبہ اب عوام پرگر رہا ہے۔

متبادل توانائی ہماری ریڑھ کی ہڈی ہوگی، بجلی کے نرخوں میں کمی لائیں گے، ایک یونٹ کا ریٹ پچھلے سے کم پر لانا چاہ رہے ہیں، بجلی کی قیمت میں اضافہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوںکی وجہ سے ہوا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 75 فیصد صارفین پر نہیں ہوگا۔

ان کاکہنا تھاکہ پاور سیکٹر میں سرمایہ کارآرہے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے80ارب روپے حاصل ہونگے، 25ارب بجلی پر لگائیں گے اورباقی55ارب آئی پی پیزکو ادائیگیوں میںخرچ ہونگے۔ قیمتوں میں اضافے کی ن لیگ حکومت ذمے دارتھی اورہے، یہ بارودی سرنگیں ن لیگ گاڑکرگئی جس کا خمیازہ اب حکومت کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔

قبل ازیں وزیرتوانائی عمرایوب خان سے چین کے سفیر جاؤ جنگ اور فرانس کے سفیر مارک بیریٹی نے ملاقات کی۔ چینی سفیر سے ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری پر تبادلہ خیال سمیت معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔

چینی سفیرجاؤ جنگ نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں بالخصوص بنیادی ڈھانچے، توانائی اور اشیا سازی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ دریں اثنا فرانسیسی سفیر مارک بیریٹی سے ملاقات میں وزیر توانائی نے کہاکہ ملک میں ہائیڈل پاور میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں