بقرعید سے پہلے

پیشگی تیاری کرکے اپنا وقت بچائیے

پیشگی تیاری کرکے اپنا وقت بچائیے۔ فوٹو: فائل

عیدالفطر کے مقابلے میں بقرعید کی تیاریاں اپنے اندر خاصی انفرادیت لیے ہوئی ہوتی ہیں۔

ایک طرف مرد حضرات اور بچوں کی مصروفیت اور دل چسپی قربانی کے جانوروں کی طرف ہوتی ہے تو دوسری طرف معمول کی تیاریوں کے ساتھ قربانی کے بعد خواتین کی باورچی خانے کی مصروفیات بھی بہت زیادہ بڑھ جاتی ہیں۔ اس لیے اگر پیشگی کچھ تیاریاں کر لی جائیں تو عید پر تھکن سے بچا جا سکتا ہے۔ ملبوسات کے علاوہ بقر عید کے پکوان کی بھی چھوٹی موٹی تیاریاں عید سے پہلے کر کے رکھی جا سکتی ہیں۔ جیسے گھر کے تمام افراد کے عید کے دوران زیب تن کیے جانے والے ملبوسات پہلے سے استری کر کے رکھ لیں۔ بہ یک وقت اتنے کپڑوں کی اگر الماری میں جگہ نہ ہو تو باہر لٹکا دیں اور اس پر پلاسٹک کا کور ڈھک دیں۔ اس طرح عید کے دن یا اس سے قبل استری کے کام سے بچ جائیں گی۔ اسی طرح سب افراد کے جوتے، سینڈل، چپل وغیرہ بھی عید سے ایک دن قبل نکال لیں۔ اپنی اور بچیوں کی چوڑیاں، زیورات، کلپ وغیرہ بھی ایک جگہ نکال لیں، تاکہ عید کے دن تیاری میں زیادہ وقت نہ لگے۔

بقرعید کے موقعے پر قربانی کے حوالے سے بھی خواتین کی خاصی مصروفیات رہتی ہیں۔ گوشت کے خصوصی پکوانوں کی تیاری سے پہلے ایک اہم مرحلہ قربانی کے گوشت کی تقسیم کا ہوتا ہے۔ ہوتا یہ ہے کہ عین عید کے روز اس حوالے سے خاصی ہاپا دھاپی رہتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ گوشت کی تقسیم کے لیے سب رشتے داروں کے ناموں کی ایک فہرست بنالیں، پلاسٹک کی تھیلیاں، ناموں کی پرچیاں، مارکر، ربر بینڈ، اسٹیپلر وغیرہ کا بندوبست کر لیں۔ گوشت پھیلانے کے لیے پلاسٹک کی بڑی شیٹیں بھی منگالیں تاکہ گوشت کی تقسیم کے موقعے پر سہولت رہے۔ گوشت کو مکھیوں سے بچانا ہو یا باورچی خانے میں مکھیاں زیادہ ہو جائیں تو ایک پیالے میں تھوڑے سے پانی میں برف ڈال کر اس پر تازہ پودینہ رکھ دیں، اس سے مکھیاں بھاگ جائیں گی۔

عیدالاضحی پر گھروں میں بھی گوشت کی ایک بو سی آنے لگتی ہے۔ اس لیے گوشت کی تقسیم سے فراغت کے بعد فرش اچھی طرح دھوکر فنائل کا پونچھا لگائیں، تاکہ یہ بو ختم ہو جائے۔ اس کے علاوہ ڈرائنگ روم، کھانے کی میز اور ٹی وی لائونج میں تازہ پھولوں کا گُل دستہ رکھ دیں یا چند تازہ پھول گُل دان میں سجا دیں یا گلاب کو شیشے کی گہری ڈش میں آدھا پانی سے بھر کر گلاب کے پھول ڈال دیں تو گھر تازہ گلاب کی خوشبو سے مہک اٹھے گا اور آپ کے مہمانوں کو گھر میں داخل ہوتے ہی خوش گوار مسحورکن تازگی کا احساس ہوگا۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر خواتین کا بیش تر وقت باورچی خانے کی نذر ہو جاتا ہے اور اس دوران ظاہر ہے نئے کپڑے پہننے سے عموماً گریز کیا جاتا ہے۔ کپڑے خراب ہونے سے بچانے کے لیے اس موقعے پر ایپرن کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔




گوشت کو جلد گلانے کے لیے کچے پپیتے کا استعمال خاصا کارگر رہتا ہے۔ اس لیے اسے دھو کر کاٹ لیں اور چھلکے سمیت پیس کر رکھ لیں۔ اضافی مقدار ہوا بند ڈبے میں رکھ کر فریز کر لیں۔ ادرک، لہسن بھی پیس کر فریز کرلیں۔ برف کے چھوٹے ٹکڑے جمانے کی ٹرے میں بھی ادرک لہسن جما سکتی ہیں۔ جب یہ جم جائے تو اسے ایک تھیلی میں نکال کر بھی فریج میں رکھا جا سکتا ہے، پھر سہولت سے ایک یا دو ٹکڑے سالن میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ تو ہر خاتون خانہ جانتی ہی ہے کہ اگر پیاز لال کی ہوئی ہو تو ہنڈیا پکانا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ اس لیے بقرعید کے لیے بھی خصوصی طور پر زیادہ مقدار میں پیاز لال کر کے رکھ لیں۔ اس کے ساتھ بقرعید پر دہی کا استعمال بھی زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے لیے آپ گھر میں دہی جما کر پلاسٹک کی تھیلیوں میں پیکٹ بنا کر فریج میں رکھ لیں، پھر جب بھی ضرورت پڑے توکچھ دیر پہلے نکال کر پانی میں بھگو دیں، تو دہی قابل استعمال ہو جائے گی۔

کھانوں میں تیار مسالوں کے بڑھتے ہوئے رواج کے باوجود آج بھی بہت سی خواتین تمام مسالے اپنے ہاتھ سے تیار کرتی ہیں۔ اس سے ایک طرف وہ من چاہا ذایقہ حاصل کر لیتی ہیں، تو دوسری طرف منہگائی کے دور میں خاصی کفایت بھی ہو جاتی ہے۔ بقرعید کے لیے ایسے تمام مسالے بھی پہلے سے تیار کر کے رکھے جاسکتے ہیں تاکہ باربار مسالے نہ بنانے پڑیں۔

تندوری مسالا بھی آپ پہلے سے تیار کر کے رکھ سکتی ہیں۔ اس کے لیے نمک (دو چائے کے چمچ)، پسی ہوئی لال مرچ (چار چائے کے چمچ)، زردے کا رنگ (آدھا چائے کے چمچ سے کم)، پسا ہوا دھنیا (دو چائے کے چمچ)، پسا ہوا گرم مسالا (دو چائے کے چمچ) اور ہلدی (آدھا چائے کا چمچ) ملا کر رکھ لیں۔ یہ مقدار ایک کلو گوشت کے لیے کافی ہے۔ اگر گوشت کی مقدار زیادہ ہو تو پھر اسی اعتبار سے اجزا کی مقدار بھی بڑھائی جا سکتی ہے۔ تیاری کے وقت گوشت میں یہ مسالا کچا پپیتا، ادرک، لہسن، دہی اور لیموں کا رس ملا کر رکھ دیں۔ چند گھنٹوں بعد ہلکی آنچ پر پکائیں۔ یہ فرنچ فرائز، رائتے کے ساتھ بہت مزہ دیتا ہے۔

گوشت کے دیگر مختلف پکوانوں کے لیے ہری مرچ، ہرا دھنیا اور پودینے کا مسالا پیس کر رکھ لیں۔ بالخصوص بھنے گوشت کی تیاری کے لیے اس مسالے کے ساتھ ادرک، لہسن، نمک اور تھوڑا سا تیل ڈال کر پکایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ہرے مسالے کے پلائو کے لیے بھی یہ مسالا خاصا کار آمد ہے۔ اس مسالے کے ساتھ نمک، ہلدی، اُبلا گوشت اور دہی ڈالیں، پھر بھون کر پانی اور چاول ڈالیں، پانی خشک ہو جائے تو دَم پر رکھ دیں۔ ہرے مسالے کا پلائو تیار ہے۔ اس کے علاوہ بھی ہر طرح کے سالن میں یہ پسا مسالاذائقے کو جلا بخشتا ہے۔ مندرجہ بالا طریقوں پر عمل کرکے ہم اپنی عید الاضحیٰ کی تیاری کو نہ صرف بہتر کر سکتے ہیں، بلکہ اس موقعے پر ہونے والی تھکان سے بھی خود کو بچا سکتے ہیں۔
Load Next Story