کراچی پی آئی اے کے جہاز میں دوران پرواز آگ لگ گئی طیارہ بحفاظت واپس لینڈ کرگیا

پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز PK-213 کے ایک انجن میں آگ لگی جسےبحفاظت واپس اتار لیا گیا، مسافر محفوظ، سی اے اے

جہاز کو 30 ناٹیکل میل سے واپس بلایا گیا، ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی فوٹو : ایکسپریس

شہر کی فضائی حدود میں قومی ایئرلائن کے دبئی جانے والے مسافر طیارے میں دوران پرواز آگ لگ گئی جس کے بعد اسے واپس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ایئرلائن کی کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 213 کے ایک انجن میں شہر کی فضائی حدود کے اندر ہی آگ لگ گئی جس کے بعد پائلٹ نے 10 بج کر 18 منٹ پر کنٹرول ٹاوور سے رابطہ کیا اور جہاز کے ایک انجن میں آگ لگنے کی اطلاع دی، ائیر کنٹرول نے طیارہ کو فوری واپسی کی ہدایت کی جس کے بعد طیارہ 30 ناٹیکل میل سے واپس آیا۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق جہاز کی لینڈنگ کے لئے ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، کسی بھی نا خوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے فائر بریگیڈز اور ایمبولینسز بھی ائیرپورٹ پرپہنچ گئیں جب کہ پائلٹ نے ماہرانہ انداز میں جہاز کو واپس ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، A-310 ساختہ طیارے میں 56 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے جو کہ تمام محفوظ رہے۔

کراچی کی فضائی حدود میں اڑتے طیارے میں لگی آگ کو متعدد شہریوں نے دیکھا جس کے بعد شہر بھر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ائیرپورٹ حکام اور ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز کے ابتدائی معائنہ کے بعد ہی آگ لگنے کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔
Load Next Story