مولانا فضل الرحمان کے آگے کھائی پیچھے کنواں ہے شیخ رشید

مولانا فضل الرحمان جو کھیل کھیلنے جا رہے ہیں اس میں وہ خود پھنسیں گے، وزیر ریلوے

قومیں حملوں سے نہیں معیشت سے تباہ ہوتی ہیں، شیخ رشید فوٹو: فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے آگے کھائی پیچھے کنواں ہے۔


لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو استعمال کرنے جا رہے تھے لیکن وہ خود استعمال ہورہے ہیں۔ وہ جو افواہیں پھیلارہے ہیں وہ ٹھیک نہیں۔ مولانا فضل الرحمان جو کھیل کھیلنے جا رہے ہیں اس میں وہ خود پھنسیں گے، ان کے آگے کھائی پیچھے کنواں ہے، سارے لوگ مولانا فضل الرحمان کو آگے کرکے کوئی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی اپوزیشن کو رسوا کرایا ہے، اپوزیشن ان کے کہنے پر چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں رسوا ہوئی۔ 27 اکتوبر میں دو ہفتے پڑے ہیں، تحریک چلنے پر بھارت سرحد پر چھیڑ چھاڑ کرسکتا ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، حالات نارمل نہیں ہیں۔ یہ نہ ہو کچھ چھیڑ چھاڑ ہو جائے،چھیڑ چھاڑ ہوئی تو ملبہ مولانا فضل الرحمان پر گرے گا۔


وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت ذمہ دارانہ بیان دیا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اس دھرنے کے کیا نتائج ہو ں گے؟ شہباز شریف اسلامی ممالک کو یہ جتانا چاہتے ہیں کہ میں نواز شریف کو سمجھانے کی بڑی کوشش کر رہا ہوں۔ شہبازشریف کی سمجھ نہیں آتی، وہ کیا چاہ رہے ہیں، شہبازشریف کو آخری بار کہہ رہا ہوں کہ وہ ڈبل گیم نہ کھیلیں اور ڈبل شاہ نہ بنیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کا نام ہے اور میں صرف عمران خان کے ساتھ ہوں، کوئی اتنا سنجیدہ مسئلہ نہیں ہے ، اگر مسئلہ ہوتا تو سیاسی پارٹیاں سامنے ہوتیں، ابو اور پھوپھی بچانے کے لئے کھیل کھیلا جا رہا ہے اگر عمران خان 6 آدمیوں کو رہا کر دے یہ ساری تحریک کا دھڑن تختہ ہو جائے گا، قومیں حملوں سے نہیں معیشت سے تباہ ہوتی ہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف پاکستان میں استحکام پیدا کرنے کے لئے ایک لائن پر ہیں، ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے جا رہے ہیں۔
Load Next Story