جنوبی افریقہ نے پاکستانی ٹاپ آرڈر کو نشانے پر رکھ لیا

پاکستانی اوپنرز کیخلاف ہمارے پیس اٹیک کی پرفارمنس ہی سیریز کا رخ متعین کرے گی،پروٹیز کوچ رسل ڈومنگو


Sports Desk October 07, 2013
ٹیسٹ سیریز کیلیے منتخب 12 قومی کرکٹرز کی ابوظبی روانگی، ’ اے ‘ ٹیم کا پروٹیز کیخلاف سہ روزہ میچ کل شروع ہوگا۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے منتخب 12 پاکستانی کرکٹرز کی ابوظبی روانگی پیر کو علی الصبح لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے شیڈول ہے۔

15رکنی ٹیسٹ اسکواڈ مکمل کرنے کیلیے 3 کھلاڑیوں کا انتخاب ' اے' ٹیم کے پروٹیز کیخلاف منگل کو شروع ہونے والے سہ روزہ پریکٹس میچ میں پرفارمنس کی بنیاد پر کیا جائے گا،دوسری جانب حفیظ کی غیرموجودگی سے پروٹیز کوچ کا چہرہ خوشی سے کھل اٹھا، انھوں نے پاکستانی ٹاپ آرڈر کو نشانہ بنانے کا خواب دیکھنا شروع کردیا، رسل ڈومنگو نے میزبان اوپنرز کو سبق سکھانے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن پر آغاز میں ہی ہلہ بول کر انھیں ڈگمگانے پر مجبور کردیں گے۔تفصیلات کے مطابق رواں اور آئندہ ماہ پاکستانی ٹیم یواے ای میں جنوبی افریقہ سے دو ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی، جس میں ٹیسٹ سیریز کیلیے منتخب 12کرکٹرز کی ابوظبی روانگی پیر کو علی الصبح لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے شیڈول تھی، 15رکنی اسکواڈ مکمل کرنے کیلیے 3 کھلاڑیوں کا انتخاب اے ٹیم کے پروٹیز کیخلاف منگل کو شروع ہونے والے سہ روزہ پریکٹس میچ میں پرفارمنس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر مصباح الحق (کپتان)، خرم منظور، اظہر علی، یونس خان، عمر امین، عدنان اکمل، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، عبدالرحمان، جنید خان، محمد عرفان، راحت علی کو روانگی کا پروانہ ملاہے، دورئہ زمبابوے میں اسکواڈ کے ہمراہ جانے والے اسد شفیق، فیصل اقبال، شان مسعود اور احسان عادل اے ٹیم کا حصہ اور زیر غور کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہیں، ان کے علاوہ پروٹیز کے خلاف وارم اپ میچ کیلیے عمر امین کی قیادت میں جانے والی اے ٹیم کے احمد شہزاد، صہیب مقصود، اکبرالرحمان، محمد رضوان، اعزاز چیمہ، احمد جمال، عثمان قادر، یاسر شاہ، عمران خان میں سے کسی بھی کھلاڑی کی غیر معمولی پرفارمنس اسے 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ دلا سکتی ہے، منتخب 12کرکٹرز نے اتوار کو آرام کرنے کے بعد سفر کی تیاریاں مکمل کیں، ان پلیئرز کو پریکٹس کیلیے دو روزہ میچ یو اے ای ٹیم کے خلاف کھیلنا ہے جس کا آغاز 9 اکتوبر کو ہوگا۔



دوسری جانب پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ سے محمد حفیظ کے ڈراپ ہونے سے جنوبی افریقہ کو واضح اشارہ مل چکا ہے کہ دو میچز کی سیریز میں خرم منظور کا ساتھ دینے کیلیے کم تجربہ کار اوپنر کا سامنا ہوگا، اس لیے پروٹیز فاسٹ اٹیک نے ٹاپ آرڈر کو آغاز میں ہی نشانے پر رکھنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ پاکستانی اوپنرز کے خلاف ہمارے پیس اٹیک کی پرفارمنس ہی سیریز کا رخ متعین کرے گی، حفیظ کی فارم گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کے لیے تشویش کا باعث بنی ہوئی تھی مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وہ ایک بہترین بولر اور بیٹسمین ہے، ہم اس کی غیرحاضری پر خوش ہیں۔ اگرچہ یو اے ای کی کنڈیشنز اسپن بولنگ کیلیے زیادہ موزوں رہنے کا امکان ہے مگر ڈومنگو کو یقین ہے کہ ان کے فاسٹ بولرز یہاں پر بھی پاکستانی بیٹسمینوں کو پریشر میں لانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا سب سے پہلا کام ہی حریف اوپنرز کو فوراً واپسی کا راستہ دکھانا ہوگا اسی سے باقی بیٹنگ لائن دبائو کا شکار ہوجائے گی، کسی بھی ٹیم کی فتوحات میں ٹاپ آرڈر ہی اہم کردار ادا کرتا ہے، ہماری کامیابی کاراز بھی اوپنرز کی بہتر پرفارمنس پر ہے جبکہ آسٹریلیا نے بھی میتھیو ہیڈن اور جسٹن لینگر کی کارکردگی کے بل بوتے پر کافی عرصہ دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی۔

کنڈیشنز کے حوالے سے ڈومنگو نے کہا کہ ہمیں جس قسم کی بھی پچز ملیں ہم ان پر بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی اسکواڈ میں شامل تیسرے اسپنر ذوالفقار بابر کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہم ان کی بولنگ کو بغور جانچنے کی کوشش کریں گے، انھیںتجربہ ہوگا مگر ہم بھی ان کی بولنگ کا جائزہ لیتے ہوئے اپنا ہوم ورک مکمل کریں گے۔ جنوبی افریقی ٹیم نے شارجہ پہنچنے کے بعد پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی، اپنی قومی ٹیم کا نیوزی لینڈ سے رگبی میچ دیکھا، پیر کو ٹیم پریکٹس کرے گی جبکہ منگل کو پاکستان اے کے خلاف سہ روزہ پریکٹس میچ کا آغاز ہوگا۔ کوچ ڈومنگو کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیریز سے قبل صرف ایک پریکٹس میچ زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوتا مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ کچھ نہ ہونے سے کچھ ہونا زیادہ بہتر ہے، ہمارے زیادہ تر کھلاڑی چیمپئنز لیگ کھیل کر آئے ہیں جبکہ ہاشم آملا کائونٹی کرکٹ کھیل رہے تھے ، پریکٹس میچ میں بھی 13 کھلاڑیوں کو کھلایا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ سب کو تھوڑا بہت کھیلنے کا موقع ضرور ملے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں